1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان اقتصادی بحران سے نکل چکا ہے، آئی ایم ایف کی سربراہ

بینش جاوید
24 اکتوبر 2016

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی سربراہ کرسٹین لاگارڈ نے اپنے پہلے دورہ پاکستان کے دوران کہا کہ اس جنوبی ایشیائی ملک کی معیشت اب مستحکم ہے اور پاکستان اس اقتصادی بحران سے نکل چکا ہے، جس کا است سامان تھا۔

https://p.dw.com/p/2Rcvw
Christine Lagarde
تصویر: picture-alliance/AP Photo/R. Abd

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لاگارڈ نے آج پیر چوبیس اکتوبر کو اسلام آباد میں ملکی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان نے کامیابی کے ساتھ نہ صرف آئی ایم ایف کا  پروگرام مکمل کر لیا ہے بلکہ تھوڑے ہی عرصے میں اپنے اقتصادی استحکام کی منزل بھی حاصل کر لی ہے۔

آئی ایم ایف نےگزشتہ برس اپنے ایک پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 6.6 ارب ڈالر کے قرضوں کی آخری قسط پاکستان کو جاری کر دی تھی۔ اس سلسلے میں لاگارڈ نے کہا، ’’پاکستان نے صرف دو برسوں میں ہی اپنی پوزیشن بہتر اور مستحکم بنا لی ہے۔‘‘

وزیر اعظم نواز شریف کے دفتر کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق  لاگارڈ نے اپنے اس دورے کے دوران یہ موقف بھی اختیار کیا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح کم ہوئی ہے اور اقتصادی ترقی کی شرح میں اضافہ بھی ہوا ہے۔ آئی ایم ایف کی سربراہ نے پاکستان میں انتظامی شعبے میں اصلاحات اور ملکی ٹیکس پالیسی کی بھی تعریف کی۔

پاکستان کے انگریزی روزنامے ’دا نیوز‘ میں شائع ہونے والے اپنے ایک مضمون میں IMF کی سربراہ نے لکھا، ’’آئی ایم ایف کے تین سالہ اقتصادی اصلاحاتی پروگرام سے پاکستان میں بہت سی کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔ اب پاکستانی معیشت مستحکم ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ مستقبل میں نجی شعبے کی مدد سے مزید ترقی کی جاسکے۔‘‘