1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ کل ہو گا

20 فروری 2009

پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ کل سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/Gy9R
سری لنکا کی ٹیم اپنے دورہ پاکستان کے پہلے مرحلے میں ایک روزہ سیریز دو ایک سے جیت چکی ہےتصویر: AP

پاکستان ٹیم کے کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ سری لنکن بالرز مرلی دھرن اور چمندا واس اس سیریز میں پاکستانی بلے بازوں کو پریشان کر سکتے ہیں۔

پہلے ٹیسٹ سے قبل نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران یونس خان نے بتایا کہ عاصم کمال، احمد شہزاد اور فواد عالم کوپہلے ٹیسٹ کے لئے بارہ کھلاڑیوں میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ ٹیم سلیکشن کے معاملے پر سلیکٹرز سے اختلافات کے بارے میں یونس خان کا کہنا تھا کہ سلیکٹرز نے اپناکام بہتر طور پر کیا ہے اور اب وہ اپنی ذمہ داری اچھے طریقے سے نبھانا چاہتے ہیں۔یونس خان نے کہا کہ کھیل ہار جیت کا حصہ ہے لیکن ان کی خواہش ہے کہ لوگ ان کو بھی عمران خان کی طرح اچھے نام سے یاد کریں۔

سری لنکا کی ٹیم کے کپتان مہیلا جے وردھانے کا کہنا تھا کہ وہ اپنی کپتانی کی آخری سیریز کو یادگار بنانے کیلئے بھر پور محنت کریں گے۔ جے وردھانے نے پاکستان ٹیم کو مضبوط قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے شکست دینا مشکل کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم نیشنل سٹیڈیم میں اب تک کبھی فتح حاصل نہیں کر سکی ہے تاہم اب وہ نئی تاریخ رقم کرنے کےلئے پر امید ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان اب تک 32 ٹیسٹ میچ کھیلے جاچکے ہیں جس میں سے پاکستان نے 15 جیتے سات ہارے اور 10 میچ ڈرا ہوئے۔واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم کو 16ماہ کے طویل انتظار کے بعد اپنی سرزمین پر ٹیسٹ کھیلنےکا موقع ملا ہے۔