1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان- جرمنی ترقیاتی تعاون معاہدہ

14 نومبر 2008

پاکستان اور جرمنی کے درمیان ترقیاتی تعاون کے لیے آٹھ کروڑ دس لاکھ یورو مالیت کا ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Fv2G
ترقیاتی تعاون کا یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اقتصادی تعاون پر ہونے والے سالانہ مذاکرات کے بعد جرمن دارالحکومت برلن میں طے پایا۔تصویر: Bilderbox

یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اقتصادی تعاون پر ہونے والے سالانہ مذاکرات کے بعد جرمن دارالحکومت برلن میں بدھ کے روز طے پایا۔

ان مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت اکنامک افیرئرز ڈویژن کے سیکریٹری فرخ قیوم کر رہے تھے جبکہ جرمن وفد کی سربراہی جرمن وزارت اقتصادی تعاون برائے ایشیا اور جنوب مشرقی یورپ ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر Friedrick Kitschelt نے کی۔

اس معاہدے کے تحت جرمنی پاکستان کو صحت و تعلیم، غربت کے خاتمے اور مائیکروفنانس کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے آٹھ کروڑ دس لاکھ یورو فراہم کرے گا۔

ان مذاکرات کے دوران طے پانے والے ایک اور معاہدے کے تحت جرمنی پاکستان میں ایک ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے دو کروڑ یورو کی ا‍ضافی رقم فراہم کرے گا جبکہ اسی منصوبے کے لیے جرمنی پہلے ہی سات کروڑ 70 لاکھ یورو دینے کا وعدہ کر چکا ہے۔

جرمنی نے پاکستان کو دو کروڑ یورو کے قرضے معاف کرنے کا اعلان بھی کیا۔ پاکستان یہ رقم صوبہ سرحد میں اسکولوں کی تعمیر پر ‍خرچ کرے گا جبکہ جرمنی پاکستان کے قبائلی علاقوں میں صحت کی سہولتوں کے لیے 75 لاکھ یورو فراہم کرے گا۔ اس اجلاس میں طے پایا کہ جرمنی ان علاقوں میں ایک کروڑ یورو کی سرمایہ کاری سے میڈیکل کالج اور ہسپتال کی تعمیر کے ایک منصوبے میں تعاون پر بھی غور کرے گا۔

دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے سلسلے مذاکرات کا اگلا دورآئندہ سال اپریل میں اسلام ‌آباد میں ہوگا۔