1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: جوہری پلانٹس کا تحفظاتی معائنہ ہوگا

6 اپریل 2011

پاکستان کی نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے ملک کے ادارہ برائے جوہری توانائی کو ہدایت کی ہے کہ وہ کراچی اور چشمہ کےجوہری پلانٹس کے حفاظتی امورکا از سرِ نو جائزہ لیں۔

https://p.dw.com/p/10o0I

پاکستان کی جوہری اتھارٹی نے متعلقہ اداروں کا حکم دیا ہے کہ وہ چشمہ اور کراچی کے جوہری پلانٹس کے تحفظ کے حوالے سے ان کا مکمل معائنہ کروائیں۔ یہ ہدایات جاپان میں زلزلے اور سونامی سے فوکوشیما میں جوہری پلانٹس کو پہنچنے والے ناقابلِ تلافی نقصان اور اس کے نتیجے میں جوہری تابکاری کے اخراج کے بعد پیدا ہونے والی صورتِ حال کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

دنیا بھر میں جوہری صلاحیت رکھنے والے ممالک پر اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے جوہری توانائی اور غیر سرکاری تنظیموں کا دباؤ ہے کہ وہ اپنے جوہری پلانٹس کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کریں اور زلزلے یا کسی اور قدرتی آفت کے نتیجے میں ممکنہ جوہری خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی کارروائی کریں۔

NO FLASH Japan Atomreaktor Fukushima Rettungsaktionen
جاپان میں جوہری تابکاری نے دنیا بھر کو ہلا کے رکھ دیا ہےتصویر: picture alliance/abaca

واضح رہے کہ پاکستان میں سن 2005 میں ایک خوفناک زلزلہ آ چکا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کے شمالی علاقوں میں کم از کم 73 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے تاہم اس زلزلے سے ملک کے جوہری پلانٹس کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا۔

پاکستان کی نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وہ فوکوشیما کے جوہری حادثے اور اس حوالے سے جاپانی حکومت کی کارروائیوں کا جائزہ لیتی رہے گی اور اس ضمن میں وہ متعلقہ اداروں کو تحفظاتی اقدامات کرنے کی ہدایات بھی دیتی رہے گی۔

جوہری اتھارٹی کے مطابق پاکستان کے جوہری پلانٹس بین الاقوامی معیارات کے مطابق تعمیر کیے گئے ہیں اور ان کو کوئی غیر معمولی خطرہ لاحق نہیں ہے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید