1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان سپر لیگ، کھلاڑیوں کی خریداری کا پہلا مرحلہ مکمل

طارق سعید۔ لاہور21 دسمبر 2015

تاریخی شہر لاہور میں پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) میں عالمی کرکٹرز کی خریداری کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا۔ شعیب ملک کراچی، مصباح اسلام آباد اور سرفراز کوئٹہ جبکہ آفریدی پشاور کی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/1HR9F
Pakistan Super League Spieler Entwurf
وسیم اکرم کو اپنے پیرو قرار دینے والے محمد عامر کراچی کنگز کی نمائندگی کریں گےتصویر: DW

لاہور نے کرس گیل، پشاور نے شاہد آفریدی اور کراچی نے شعیب ملک کو دو دو کروڑ میں خرید لیا ہے۔ محمد عامر بھی کراچی کنگز کی ہی نمائندگی کریں گے۔ لیگ کے پانچ سب سے مہنگے آئیکون کھلاڑیوں میں شامل آسٹریلیا کے شین واٹسن کا قرعہ اسلام آباد اور انگلینڈ کے کیون پیٹرسن کا کوئٹہ کے نام نکلا۔

پی ایس ایل میں پاکستان کے چاروں صوبائی دارالحکومتوں اور اسلام آباد کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ کرکٹرز کا انتخاب پیر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے باب وولمر انڈرو سکول میں قرعہ اندازی کے ذریعہ ایک پر وقار تقریب میں کیا گیا۔ مصباح الحق کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور سرفراز احمد کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ سابق پاکستانی کپتان یونس خان کو کسی ٹیم نے منتخب نہیں کیا جبکہ ایک اور سابق کپتان محمد حفیظ کی پلاٹینیم قرعہ اندازی میں آخری کھلاڑی کی حیثیت سے پشاور کی ٹیم میں شمولیت ہوئی۔

پانچ فرنچائزز کے مالکان اور کوچز کو اپنی ٹیموں کی تشکیل کے لیے پندرہ ممالک کے تین سو چھ کھلاڑیوں کی فہرست دی گئی تھی۔

کراچی کنگز کی ٹیم میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن اور پاکستان کے سہیل تنویر کو بھی ایک لاکھ چالیس ہزار ڈالرز کے عوض شامل کیا گیا ہے۔ اسپاٹ فکسنگ کی پانچ سالہ سزا بھگتنے والے محمد عامر کو کراچی کے مالکان اے آر وائی گروپ نے ستر ہزار ڈالرز میں خریدا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے لینڈل سیمنز، پاکستانی عماد وسیم اور انگلینڈ کے روی بوپارہ اور جیمز وینس بھی اسی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کرکٹ ڈائریکٹر وسیم اکرم اور کوچ ڈین جونز نے اپنی ٹیم میں مصباح کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل کو ایک لاکھ چالیس ہزار ڈالرز کے عوض ٹیم میں شامل کیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے ہی سیمویل بدری، پاکستان کے محمد عرفان اور آسٹریلوی بریڈ ہیڈن کو اسلام آباد نے ستر ہزار ڈالرز جبکہ محمد سمیع، شرجیل خان اور خالد لطیف کو پچاس پچاس ہزار ڈالرز میں اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔

لاہور کی ٹیم میں کرس گیل کے علاوہ انہی کے ہم وطن ڈواین براوو اور پاکستانی عمر اکمل کی ایک لاکھ چالیس ہزار کے عوض شمولیت ہوئی ہے۔ لاہور قلندرز نے اپنے سکواڈ میں یاسر شاہ، محمد رضوان اور صہیب مقصود کو بھی ستر ہزار میں خریدا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے کیون کوپر، بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان اور جنوبی افریقہ کے کیمرون دلپوت بھی پچاس پچاس ہزار ڈالرز میں قلندرز کے سکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں۔ سابق پاکستانی کرکٹر اعجاز احمد لاہور کے کوچ ہوں گے۔

پشاور زلمے کی ٹیم کا کپتان شاہد آفریدی کو مقرر کیا گیا ہے۔ پشاور نے وہاب ریاض اور ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سامی کو ایک لاکھ چالیس ہزار میں خریدا ہے۔ ستر ہزار کی قیمت میں کامران اکمل، محمد حفیظ اور انگلینڈ کے کرس جورڈن کا انتخاب کیا گیا ہے۔ بنگلہ دیش کے تمیم اقبال، جنید خان اور انگلینڈ کے جم ایلن بی کی خریداری پشاور نے پچاس ہزار ڈالر کے عوض کی ہے۔

Pakistan Super League Spieler Entwurf
پشاور زلمے کی ٹیم کا کپتان شاہد آفریدی کو مقرر کیا گیا ہےتصویر: DW

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پشاور کے حامیوں کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے انہوں نے زلمے سے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کے سابق فاسٹ باولر محمد اکرم پشاور کے کوچ اور انگلینڈ کے اینڈی فلاور بیٹنگ کوچ ہوں گے۔

کوئٹہ کی ٹیم کے کوچ معین خان نے سرفراز احمد کے علاوہ پاکستانی اوپنراحمد شہزاد کو بھی ایک لاکھ چالیس ڈالرز میں خریدا ہے۔ انور علی، انگلینڈ کے لوک رائٹ اور ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر کو ستر ہزار میں خریدا گیا ہے۔ کوئٹہ نے گولڈ کٹیگری میں عمر گلؤ، ذوالفقار بابر اور زمبابوے کے ایلٹن چیگومبورا کی خریداری کی ہے۔ پاکستان سپر لیگ چار سے تییس فروری تک شارجہ اور دبئی میں کھیلی جائے گی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید