1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’پاکستان سپر لیگ‘ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں محمد عامر بھی شامل

عاطف بلوچ10 دسمبر 2015

سپاٹ فکسنگ کے جرم میں سزا یافتہ محمد عامر کے ’پاکستان سپر لیگ‘ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کھیلنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ اس ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے جن کھلاڑیوں کی فہرست جاری کی گئی ہے، اس میں عامر کا نام بھی شامل ہے۔

https://p.dw.com/p/1HLVi
فاسٹ بولر محمد عامر کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کا ایک اور رخنہ دور ہو گیا ہےتصویر: AP

فاسٹ بولر محمد عامر کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کا ایک اور رخنہ دور ہو گیا ہے۔ پابندی ختم ہونے کے بعد عامر کی طرف سے بنگلہ دیش کی پریمئیر لیگ میں شاندار کارکردگی دیکھانے کے بعد پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس اور پاکستان کرکٹ بورڈ دونوں نے ہی عندیہ دیا تھا کہ محمد عامر کی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے انہوں نے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ اب پاکستان سپر لیگ میں ان کی ممکنہ طور پر شمولیت کو بھی انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

محمد عامر کے علاوہ جن کھلاڑیوں کو اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے، ان میں سابق انگلش ٹیسٹ کھلاڑی کیون پیٹرسن کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے بلے باز کرس گیل بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شاہد آفریدی، دلشان، شکیب الحسن، شین واٹسن، بریٹ لی اور بریڈ ہیڈن کے ساتھ ساتھ کئی مایہ ناز دگر کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

پاکستان نے جمعرات دس دسمبر کو 308 ایسے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا، جو پاکستان سپر لیگ کا پہلا ایڈیشن کھیلنے کے خواہمشند ہیں۔ ان میں 171 غیر ملکی جبکہ 137 پاکستانی کھلاڑی شامل ہیں۔ انہیں کھلاڑیوں کو پانچ مختلف ٹیمیں خریدیں گی، جو چار تا تئیس اپریل کو منعقد ہونے والےٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں جلوہ گر ہوں گے۔ حتمی کھلاڑیوں کا اعلان بیس اور اکیس دسمبر کو کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ شارجہ اور دبئی میں اس ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے حوالے سے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دینے کے بعد اب ٹیمیوں کی تشکیل کا کام شروع کیا جا رہا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں شریک پانچ ٹیمیوں کے مالکان ان کھلاڑٰیوں کو نیلامی کی صورت میں نہیں خریدیں گے بلکہ اس انتخاب کے لیے ایک ڈرافٹ سسٹم ترتیب دیا گیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کی ٹیموں کے انتخاب کے لیے پانچ درجے بنائے گئے ہیں، جنہیں پلاٹینیم، ڈائمنڈ اور گولڈ، سلور اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی ایک کیٹیگری بھی رکھی گئی ہے۔ پی سی بی نے بتایا ہے کہ ہر ٹیم تین بہترین کیٹیگیریز( پلاٹینیم، ڈائمنڈ اور گولڈ) میں سے تین تین کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی جبکہ انہیں ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی کیٹیگری میں سے بھی دو دو کھلاڑیوں کو چننا ہو گا۔

Kombo Pakistan Cricket Korruption Salman Butt Mohammad Asif und Mohammad Amir
محمد عامر کے علاوہ محمد آصف اور سلمان بٹ بھی پابندی کی زد میں آئے تھےتصویر: AP

کسی بھی میچ کے لیے ہر ٹیم میں چار غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت ممکن ہو سکے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ان کیٹیگریز کی تخلیق کا مقصد یہ ہے کہ تمام لیول کے کھلاڑیوں کو موقع مل سکے اور وہ اپنے جوہر دیکھا سکیں۔

سابق پاکستانی ٹیسٹ کھلاڑی رمیز راجہ نے کہا ہے کہ ’پاکستان سپر لیگ‘ پاکستان میں کرکٹ کے فروغ میں انتہائی مددگار ثابت ہو گی۔ اس لیگ کے سفیر رمیز راجہ کے بقول وہ اس لیگ کو ایشیا کی ایک بہترین لیگ بنانا چاہتے ہیں، جس سے کھلاڑیوں کی مالی مدد بھی ہو سکے گی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید