1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں آزاد عدلیہ اور لاپتہ افراد کا مسئلہ

امتیاز گل ، اسلام آباد2 اپریل 2009

جنرل پرویز مشرف کے دور حکمرانی میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے مشکوک افراد کی گرفتاری اور گمشدگی کا مسئلہ بھی حکومت کے لئے درد سر بنا رہا۔

https://p.dw.com/p/HP5Y
پاکستانی عدالت عظمیٰ جس سے عدلیہ کی بحالی کے بعد عوام کی بڑی توقعات وابستہ ہیںتصویر: AP Photo

اس مسئلے نے خاص طور 2006ء میں اس وقت بین الاقوامی اہمیت اختیار کر لی جب جسٹس افتخار چوہدری نے ازخود لاپتہ افراد کے گھرانوں کی مہم کا نوٹس لیتے ہوئے ریاستی اداروں سے گم شدہ افراد کے حوالے سے جواب طلبی کی۔ تاہم 3 نومبر 2007 کی ایمرجنسی اور اس کے نتیجے میں اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کے معزول ہونے کے بعد گمشدہ افراد کا مقدمہ بھی سردخانے میں چلا گیا اور اس کے بعد سے اب تک یہ مقدمہ دوبارہ سپریم کورٹ میں پیش نہیں ہو سکا۔

چیف جسٹس افتخار چوہدری کی بحالی کے بعد البتہ لاپتہ افراد کے لواحقین بھی پرامید ہیں کہ انہیں عدالت عظمیٰ ریلیف فراہم کرے گی۔ اس حوالے سے ایک لاپتہ تاجر مسعود جنجوعہ کی اہلیہ اور ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کی چیئرپرسن آمنہ جنجوعہ نے ڈوئچے ویلے کو بتایا : ’’عدالتی عمل اور تحقیقات مکمل ہوں تا کہ میرا خاوند گھر آئے میں اپنے بچوں اور اپنے خاوند کے ساتھ خوشی کی زندگی گزاروں۔ اسی طرح ہر خاندان اس امید میں ہے کہ اب میرے خاوند، بھائی، میرے بیٹے کا مسئلہ حل ہونے والا ہے۔‘‘

Iftikhar Chaudhry
چیف جسٹس افتخار چوہدری نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے حوالے سے ازخود نوٹس لیا تھاتصویر: picture-alliance/ dpa

ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر سے تقریباً0001 افراد لاپتہ ہیں جن میں سے 800کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ صرف 150 افراد عدالتی احکامات کے نتیجے میں رہا ہو سکے ہیں۔ متعدد گمشدہ افراد کے مقدمات کی پیروی کرنے والے وکیل اکرام چوہدری کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کی عدالتوں کی طرح اب پاکستانی عدلیہ کو بھی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہو گا۔

’’پاکستان جہاں پر اداروں کے اندر قانون کی بالا دستی کا معاملہ اپنی کم ترین سطح پر ہے سول اور ملٹری بیوروکریسی، سیاستدان اور اعلیٰ حکام اس کو اس طرح نظر انداز کرتے ہیں جیسے اس سے ان کا کوئی تعلق ہی نہ ہو۔‘‘

مبصرین کے خیال میں لاپتہ افراد کے مقدمے اور عوامی نوعیت کے دیگر مسائل جن میں پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں کا تعین شامل ہے ایسے معاملات پر عدلیہ کی سرگرمی سے انتظامیہ کو ایک بار پھر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔