1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں دہشت گردی اور میڈیا کا کردار

3 نومبر 2009

پاکستان میں جاری دہشت گردانہ واقعات کی براہ راست رپورٹنگ سے متعلق حکومت نجی ٹیلی ویژن چینلز کو ضابطہء اخلاق کی خلاف ورزی پر گزشتہ کچھ عرصے میں ساٹھ سے زائد قانونی نوٹسز جاری کر چکی ہے۔

https://p.dw.com/p/KM1A
PFUJ کے سیکریٹری جنرل شمس الاسلام ناز نےبتایا کہ الیکٹرانک چینلز کے مالکان نے اپنے ورکرز کو ہر قسم کی مراعات سے محروم کر رکھا ہے۔تصویر: AP

پاکستان میں اس وقت پچاس کے قریب نجی ٹیلی ویژن چینل موجود ہیں جبکہ نو سال قبل ملک میں صرف ایک جز وقتی نجی چینل ہوا کرتا تھا۔ ان چینلز کی تعداد بڑھنے اور ملک میں دہشت گردی کی حالیہ لہر کے باعث بعض چینلز کو متعدد بار حکومت کی جانب سے بند بھی کیا گیا۔ حال ہی میں ایک مرتبہ پھر حکومت کی جانب کی جانب سے بعض چینلز کو انتباہی نوٹسز جاری کئےگئے ہیں۔

پاکستانی صحافیوں کی تنظیم پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے صورتحال کی ذمہ داری چینل مالکان پر بھی ڈالی جا رہی ہے ۔ تنظیم کے سیکریٹری جنرل شمس الاسلام ناز کا اس حوالے سےکہنا ہے کہ اِس کے پیچھے ایک اور ہی داستان ہے۔ اُنہوں نےبتایا کہ الیکٹرانک چینلز کے مالکان نے اپنے ورکرز کو ہر قسم کی مراعات سے محروم کر رکھا ہے۔ اِن مالکان نے لائسنس لے رکھے ہیں اور اُنہیں بھاری فیسیں مختلف مدوں میں وفاقی حکومت کے ہاں جمع کروانا پڑتی ہیں۔ یہ فیسیں وقت کے ساتھ ساتھ اربوں مالیت تک پہنچ چکی ہیں۔ اِنہی فیسوں سے بچنے کے لئے اب یہ مالکان یہ ڈرمہ رچا رہے ہیں کہ حکومت میڈیا پر کوئی پابندیاں عائد کر رہی ہے۔

خبریں اور حالات حاضرہ سے متعلق پروگرام نشر کرنے والے چینلز میں اطلاعات کے مطابق کام کرنے والے صحافیوں میں تربیت کی بھی کمی ہے۔ حکومت کی جانب سے متعدد بار اس بات کی نشاندہی کی جاتی رہی ہے کہ بسا اوقات ‌خود صحافیوں کی جانب صحافتی ضوابط پر عمل نہیں کیا جاتا اور مقابلے کی دوڑ میں ہر قسم کے واقعات و مناظر ٹیلی ویژن چینلز پر دکھا دئے جاتے ہیں۔ PFUJ کے سیکریٹری جنرل نے اس بات کو تسلیم کیا اور بتایا کہ لوگ ہسپتالوں میں زخمی حالت میں پڑے ہوتے ہیں، اُنہیں آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے اور وہ قریب المرگ ہوتے ہیں جبکہ غیر تربیت یافتہ صحافی میڈیا کی آزادی کا حوالہ دے کر اُن سے یہ پوچھ رہے ہوتے ہیں کہ دھماکہ کیسے ہوا۔ ایسے میں صحافی برادری کو خود سوچنا چاہیے کہ کیا چیز زیادہ اہم ہے، صحافتی ذمہ داریاں یا کسی انسان کی جان۔

Pakistan, Präsident Pervez Musharraf hebt den Ausnahmezustand auf
سابق فوجی صدر جنرل پرویز مشرف نے متعدد چینلز کو آف ایئر کردیا تھاتصویر: AP

حالیہ اعداد وشمار کے مطابق حکومت نے جیو، ڈان، ایکسپریس اور خیبرٹی وی کے بشمول متعدد ٹی وی چینلز کو باقاعدہ قانونی نوٹسز جاری کر دئے ہیں۔ ایسی صورتحال میں کیا ایک مرتبہ پھر سابق فوجی صدر جنرل پرویز مشرف دور کےآخری دنوں کی طرح حکومت اور میڈیا کی جنگ ہونے والی ہے، صحافیوں کی نمائندگی کرنے والے شمس الاسلام ناز کے مطابق موجودہ حکومت اِس طرح کا خطرہ کبھی مول نہیں لے گی کیونکہ میڈیا اور صحافی برادری ایسی کسی قدغن کو قبول نہیں کرے گی۔

رپورٹ: شادی خان

ادارت: امجد علی