1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں شمالی کوریائی سفارت کار پر تشدد

عدنان اسحاق (اے ایف پی)
5 مئی 2017

پاکستان میں شمالی کوریا کے سفارت خانے نے اپنے ایک سفارت کار اور اس کی اہلیہ پر کیے گئے مبینہ تشدد پر شدید احتجاج کیا ہے۔ اس کمیونسٹ ریاست نے پاکستان کو سنگین نتائج کی دھمکی بھی دی ہے۔

https://p.dw.com/p/2cPVI
Nordkorea Missile Tests
تصویر: Ed Jones/AFP/Getty Images

پاکستان میں شمالی کوریائی سفارت خانے نے ملکی ٹیکس حکام پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے اس ملک کے ایک سفارت کار اور اس کی اہلیہ پر حملہ کیا۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیکس حکام کراچی میں شمالی کوریا کے ایک سفارت کار کے گھر میں زبردستی داخل ہوئے اور دونوں میاں بیوی پر بندوقیں تان لیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اس تناظر میں تیار کیے گئے شکایت نامے کی نقل دیکھی ہے، جس میں پاکستان کے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے محکمے کا نام لیا گیا ہے۔

Südkorea Soldaten
تصویر: KIM JAE-HWAN/AFP/Getty Images

اے ایف پی کے بقول اس دستاویز میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر ذمہ دار افراد کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی گئی تو دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات پر سنگین نوعیت کے اثرات مرتب ہوں گے۔ اس شکایت نامے کے مطابق نو اپریل کو کم از کم دس مسلح افراد شمالی کوریا کے کراچی میں مقیم ایک سفارت کار کے گھر میں داخل ہوئے اور ساتھ ہی انہوں نے اس سفارت کار پر حملہ کیا اور اس کی اہلیہ کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا۔ اس جوڑے پر پستول تانے جانے سے قبل دونوں غیر ملکیوں کے چہروں پر تھپڑ بھی مارے گئے۔

اس خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ اس دوران ان افراد نے کمرے میں لگی اس جوڑے کی ایک تصویر پر فائر بھی کیا۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے محکمے کے سربراہ شعیب صدیقی کے بقول، ’’یہ بہت ہی سنجیدہ معاملہ ہے۔ ہم نے اس کی تحقیقات کے لیے ایک با اثر ٹیم تشکیل دے دی ہے، جو شمالی کوریا کے ان الزامات کی چھان بین کرے گی۔‘‘ ستائیس اپریل کو تحریر کیے گئے اس خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس سارے واقعے کو وہاں لگے خفیہ کیمروں نے بھی ریکارڈ کیا۔

پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وجہ سے پاکستان اور شمالی کوریا کے تعلقات اس وقت عالمی سطح پر متنازعہ ہو گئے تھے، جب 2004ء میں خان نے قبول کیا تھا کہ انہوں نے جوہری راز شمالی کوریا کو فروخت کیے تھے۔