1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں صدارتی انتخابات اور پنجاب کی سیاست

تنویر شہزاد, لاہور26 اگست 2008

پاکستان کے نے صدر کے انتخاب میں حصہ لینے کے لیے ملک کے مختلف علاقوں سے منگل کے روز کاغذات نامزدگی جمع کرا دئے گئے۔

https://p.dw.com/p/F5Hv
تصویر: AP

صدارتی انتخاب کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو میدان میں اتارا ھے۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) نے اپنے سیکریٹری جنرل سید مشاہد حسین کو صدارتی امیدوار بنایا ہے۔ مسلم لیگ (ن) اِسی عہدے کے لئےسابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس(ر) سعید الزماں صدیقی کو سامنے لے کر آئی ہے۔

تازہ ترین صورت حال کے مطا بق اب تک کی نمبر گیم میں پاکستان پیپلز پارٹی اپنے اتحادیوں کی حمایت کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ لیکن اس جماعت کو سب سے بڑے صوبے پنجاب میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔

چھ ستمبر کو مجوزہ صدارتی انتخاب کے حوالے سے دلچسپ بات یہ ھے کہ وہ پیپلز پارٹی جس نے مسلم لیگ (ق) کو قاتل لیگ کہا تھا اور وہ مسلم لیگ (ن) جو ق لیگ کو مارشل لا کی باقیات کہتے نہیں تھکتی تھی، آ ج ق لیگ کی حمایت کے حصول کے لیے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوششیں کر رہی ہیں۔

ق لیگ کے رہنما اس صورت حال کا فائدہ اٹھانے کے لیے مشاورت کر رہے ھیں اور اِس وقت پس پردہ رابطے زوروں پر ہیں۔

حکمراں اتحاد سے مسلم لیگ نون کی علٰیحدگی کے بعد پنجاب اور مرکز کے مابین جاری کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ھے۔ پنجاب کے گورنرسلمان تاثیر نے پنجاب میں برسر اقتدار مسلم لیگ نون کو خبردار کیا ھے کہ اس صوبے میں سرکاری وسائل کے ذریعے ہارس ٹریڈنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ صدارتی انتخاب روکنے کے لئے پنجاب اسمبلی توڑنے کے خدشات بھی سننے میں آ رہے ہیں۔