1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں مغوی امریکی شہری کی بازیابی سے متعلق متضاد خبریں

25 اگست 2011

پاکستانی شہر لاہور میں دو ہفتے قبل اغواء کیے جانے والے امریکی شہری کو رہا کرانے سے متعلق متضاد خبریں مل رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/12NPR
تصویر: AP

پولیس نے پہلے کہا تھا کہ 70 سالہ وائنسٹائن کو جمعرات کو علی الصبح پنجاب کے شہر خوشاب میں کی جانے والی ایک کارروائی کے دوران رہا کرایا گیا۔ لاہور پولیس کے سربراہ ملک احمد رضا نے بتایا تھا کہ کارروائی کے دوران تین افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ تاہم پاکستانی انٹیلیجنس حکام نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی کامیاب نہیں ہوئی۔

امریکی سفارت خانے نے بھی وائنسٹائن کی رہائی کی تصدیق نہیں کی۔

وائنسٹائن کو لاہور کے پوش علاقے ماڈل ٹاؤن سے 13 اگست کو اغوا کیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق آٹھ نامعلوم ملزمان وائنسٹائن کے چوکیدار پر قابو پانے کے بعد ان کے ڈرائیور کو اسلحے کی نوک پر لے کر ان کی خواب گاہ تک پہنچے اور انہیں اغواء کر لیا۔

وائنسٹائن پاکستان کے مختلف کاروباری اور سرکاری اداروں کو مشاورتی خدمات فراہم کرنے والی ایک کمپنی کے ملکی ڈائریکٹر ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق وائنسٹائن کا تعلق امریکی ریاست میری لینڈ سے ہے اور طویل عرصہ پاکستان میں گزارنے کے سبب وہ روانی سے اردو بولتے ہیں اور مقامی لباس پہنتے ہیں۔

پولیس نے ان کی تلاش میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے تھے اور ایف بی آئی کی ایک ٹیم نے ان کے سکیورٹی گارڈز، ڈرائیور اور عملے کے دیگر ارکان سے بھی پوچھ گچھ کی تھی۔

پاکستان میں غیر ملکیوں کا اغوا کوئی نئی چیز نہیں۔ جولائی میں پاکستان کے پرآشوب صوبہ بلوچستان میں ایک سوئس جوڑے کو اغوا کر لیا گیا تھا، جسے ابھی تک بازیاب نہیں کرایا جا سکا۔ پاکستانی طالبان نے اس جوڑے کے اغواء کی ذمہ داری قبول کر رکھی ہے۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں