1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں نیٹو کا سپلائی رُوٹ بحال

25 اپریل 2011

پاکستان سے گزرنے والا نیٹو کا سپلائی روٹ بحال ہو گیا ہے۔ یہ راستہ امریکی ڈرون حملوں کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں نے آمدورفت کے لیے روک رکھا تھا۔ مظاہرین میں سابق کرکٹر عمران خان کی سیاسی جماعت کے حامی شامل تھے۔

https://p.dw.com/p/113OV
تصویر: AP

مقامی انتظامیہ کے اعلیٰ اہلکار محمد سراج خان نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ نیٹو پاکستان کے راستے اپنے فوجیوں کے لیے سپلائی بحال کر سکتی ہے۔ محمد سراج نے اتوار کی شام ایک بیان میں کہا کہ نیٹو کے ٹرک پیر کی صبح سے سپلائی روٹ استعمال کر سکیں گے۔

پشاور کے رِنگ روڈ پر عمران خان کی سیاسی جماعت تحریک انصاف کے حامیوں نے دو دِن سے دھرنا دے رکھا تھا، جو اتوار کی شام ختم ہوا۔ وہ افغانستان کی سرحد سے ملحقہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔

عمران خان نے قبل ازیں کہا تھا کہ ایک ماہ کے اندر ڈرون حملے نہ رکے تو ان کے حامی ملک کے مختلف حصوں میں نیٹو کے ٹرکوں کا راستہ روکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت یہ حملے رکوانے میں ناکام رہی تو دارالحکومت میں بھی دھرنا دیا جائے گا۔ عمران خان نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں کہا، ’ہم ایک خودمختار پاکستان چاہتے ہیں۔’

انہوں نے کہا، ’امریکی عوام کو یہ پتہ چلے کہ ان حملوں میں معصوم لوگ مارے جا رہے ہیں تو وہ اس سے بھی بڑے مظاہرے کریں گے۔’

خیال رہے کہ امریکہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ہونے والے ڈرون حملوں کی تردید یا تصدیق نہیں کرتا۔ تاہم اے ایف پی کے مطابق اس خطے میں یہ طیارے امریکی انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے ہی کے استعمال میں ہیں۔

امریکہ پاکستان کے قبائلی علاقے کو خطرناک ترین خطہ قرار دیتا ہے۔ واشنگٹن حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان میں تعینات نیٹو افواج پر حملوں اور دہشت گردانہ کارروائیوں کے منصوبے اسی علاقے میں بنائے جاتے ہیں۔

Pakistan Proteste
عمران خان مظاہرین سے خطاب کر رہے ہیںتصویر: AP

ان علاقوں میں انتہاپسندوں کے خلاف ڈرون طیارون کی کارروائیوں پر پاکستان کے بعض حلقوں میں امریکہ مخالف جذبات پائے جاتے ہیں۔ ان کے غم و غصے میں سترہ مارچ کے اس ڈرون حملے کے بعد مزید اضافہ ہوا، جس میں شہریوں سمیت انتالیس افراد ہلاک ہوئے۔ اسلام آباد حکومت بھی اپنے بیانات میں ان کارروائیوں کو اپنی خودمختاری کے خلاف قرار دیتی ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید