1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں وکلاء کا قومی کنونشن

18 جولائی 2008

پاکستان میں قومی وکلاء کنونشن کا آغاز 19 جولائی ہفتے کے روز لاہور میں ہو رہا ہے۔ اس میں شرکت کے لئے پورے پاکستان سے وکلاء برادری لاہور پہنچنا شروع ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/Eexj
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری اعتزاز احسن جون میں لانگ مارچ کے دوران اسلام آباد میں دیگر وکلاء کے ساتھ۔تصویر: AP

پاکستان میں معزول عدلیہ کی بحالی کے لئے مخلوط حکومت کے وعدے ابھی تک پورے نہیں ہو سکے اور نہ ہی مستقبل قریب میں ایسا کوئی امکان نظر آتا ہے۔ مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں کے درمیان کبھی بحالی کے طریقہ کار پر اختلافات پیدا ہو جاتے ہیں تو کبھی ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر پر اتفاق نہیں ہو پاتا۔

حکومت کی ان مسلسل وعدہ خلافیوں پر احتجاج اور عدلیہ کی بحالی کے لئے پاکستان کی وکلاء برادری نے گذشتہ ماہ لانگ مارچ کیا تھا۔ اب اسی سلسلے کی ایک کڑی وہ قومی وکلاء کنونشن ہے، جس کا آغاز ہفتے کے روز لاہور میں ہو رہا ہے۔ اس میں شرکت کے لئے پورے پاکستان سے وکلاء برادری لاہور پہنچنا شروع ہو گئی ہے۔

جمعہ کے روز سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری اعتزاز احسن نے لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور بتایا کہ محدود پیمانے پر منعقد ہونے والے اس کنونشن میں سارے ملک کی بار ایسوسی ایشنوں کے نمائندے شریک ہوں گے۔ اُنہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ لانگ مارچ کا فیصلہ بھی اسی کنونشن نے کیا تھا۔ معزول ججوں کی بحالی کے لئے ملک گیر دھرنوں کی تجویز پر بھی کوئی فیصلہ اِسی کنونشن میں کیا جائے گا۔