1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں ہلاکتوں کی تعداد 15 سو، ریڈکراس

3 اگست 2010

بین الاقوامی تنظیم ریڈکراس کے ایک ترجمان کرسٹیان کارڈن کے مطابق گزشتہ ہفتے سے اب تک بارشوں اور سیلابوں کی وجہ سے پاکستان میں 15 سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ امدادی کارکنوں کو خدشہ ہے کہ یہ تعداد تین ہزار سے زائد ہے۔

https://p.dw.com/p/Oarg
تصویر: ap

جنیوا میں قائم عالمی ادارہ صحت کے مطابق ایک لاکھ افراد کی زندگی کوپینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی اورسیلاب کے بعد پھیلنے والی بیماریوں کے شدید خطرات لاحق ہیں۔ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں اور دیگر مواصلاتی نظام کی تباہی کی وجہ سے امدادی اداروں کو سیلاب زدگان تک پہنچنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

Pakistan Flut Katastrophe 2010 Flash-Galerie
سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں اور پلوں کی تباہی کی وجہ سے امدادی کاموں میں شدید رکاوٹ پیش آرہی ہے۔تصویر: AP

بچوں کی بہبود کے لئے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پانی کی وجہ سے پھیلنے والے وبائی امراض سے 30 لاکھ سے زائد افراد اور خاص طور پر بچوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، جو کہ بین الاقوامی اداروں کے لئے انتہائی پریشانی کا باعث ہے۔

یونیسیف کے مطابق سیلاب کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 14 سو سے زائد ہو چکی ہے جو کہ گزشتہ آٹھ دہائیوں کے دوران سب سے زیادہ بنتی ہے۔ پاکستان میں یونیسیف کے نمائندے مارٹن موگوانیا کا کہنا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی ہے، جس سے تین ملین سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں سے ایک ملین یعنی دس لاکھ صرف بچے ہیں۔ ان متاثرہ افراد کو پینے کے صاف پانی، خوراک اور ادویات کی اشد اور فوری ضرورت ہے۔

Pakistan Flut Katastrophe 2010 Flash-Galerie
فوج نے جنوبی پنجاب کے ضلع کوٹ ادو میں تین ہزار کے قریب افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔تصویر: AP

سیلاب زدہ علاقوں میں مصروف امدادی کارکنوں کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے، جو سرکاری طور پر بتائی جا رہی ہے۔ ان میں سے کچھ کا کہناہے کہ یہ تعداد تین ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

دریں اثناء سیلابی ریلے سے پنجاب کے اکثر دریاؤں کا پانی کناروں سے باہر نکل کر درجنوں دیہات اور لاکھوں ایکڑ اراضی پر کاشت شدہ فصلوں کو تباہ کر چکا ہے۔ فوج نے جنوبی پنجاب کے ضلع کوٹ ادو میں تین ہزار کے قریب افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں