1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: نئی آٹو پالیسی کا اعلان

بینش جاوید21 مارچ 2016

پاکستان نے نئےغیر ملکی کارساز اداروں کو پلانٹس نصب کرنے کے لیے خصوصی چھوٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت کار سازی کی مشینری بغیر کسی ٹیکس کے درآمد کی جا سکے گی۔

https://p.dw.com/p/1IHAC
Japan Auto Toyota ruft Autos zurück Yaris S Sedan
تصویر: Reuters

پاکستان کی آٹو انڈسٹری پر کئی دہائیوں سے جاپان کی سوزوکی، ٹویوٹا اور ہنڈا کمپنیوں کا راج رہا ہے۔ ان کمپنیوں پر یہ الزام لگایا جاتا ہے کہ یہ متحد ہو کر سستے ماڈلز کی گاڑیوں کو مہنگے داموں بیچتی چلی آ رہی ہیں۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی سربراہی میں آٹو پالیسی کو تشکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی نئی آٹو پالیسی سے متعلق ایک پریس کانفرنس میں کہا، ’’ اس نئی پالیسی کا مقصد نئی مارکیٹ اور گاڑیوں کے خریداروں کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔‘‘

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستانی آٹو انڈسٹری پر کافی عرصے سے ایک طرح کی اجارہ داری قائم ہے اور ابھی تک گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں نے موٹر کاروں میں حفاظتی ائیر بیگ، اینٹی لاک بریکنگ یا دھواں کے بہتر اخراج جیسی خصوصیات متعارف نہیں کروائیں ہیں جبکہ بیرون پاکستان کئی ملکوں کے صارفین کو یہ سہولیات میسر ہیں۔

خواجہ آصف نے پاکستان میں موجودہ کار کمپنیوں کے بارے میں کہا، ’’پاکستانی خریدار کو ایک 1800 سی سی گاڑی پر 26 لاکھ روپے خرچ کرنے کے باوجود اپنے پیسے کی قیمت وصول نہیں ہوتی‘‘

Pakistan Verteidigungsminister Khawaja Muhammad Asif
خواجہ آصف نے آٹو پالیسی کا علان کیاتصویر: picture-alliance/Anadolu Agency

اس موقع پر سرمایہ کاری بورڈ کے چیرمین مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اس نئی آٹو پالیسی سے حکومت کو توقع ہے کہ ایک یا دو نئی کمپنیاں پاکستان کی گاڑیوں کی انڈسٹری میں سرمایہ کاری کر سکتی ہیں۔ اس پالسی کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ مارکیٹ میں اس پالیسی پر عمل در آمد کے بعد گاڑیوں کی قیمت کم ہوسکتی ہے۔

کار سازی کے پلانٹ کے لیے ڈیوٹی ختم کر دینے کے علاوہ، پاکستانی آٹو انڈسٹری میں شامل ہونے والی نئی کمپنیوں کو گاڑیوں کے اُن پارٹس کو درآمد کرنے پر صرف 10 فیصد ڈیوٹی دینا ہوگی جنھیں پاکستان میں نہیں بنایا جا سکتا جب کہ دوسرے پارٹس پر 25 فیصد ڈیوٹی دینا ہوگی۔ یہ مراعات حکومت نے آٹو انڈسٹری میں شامل ہونے والی نئی کمپنیوں کو آئندہ 5 برسوں کے لیے دی ہیں۔

تقریباً بیس کروڑ آبادی کے ملک پاکستان کی معیشیت سن 2008 کے بعد موجودہ حکومت کے دور میں رو بہ ترقی خیال کی گئی ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد اور افراط زر میں نرمی کے باعث ایک عام صارف کی قوت خرید میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ گزشتہ برس جرمن کمپنی واکس ویگن کے ایک وفد نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا لیکن اب تک جرمنی کی اس بڑی آٹو کمپنی نے پاکستان میں مقامی فیکٹری لگانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں