1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان نیوزی لینڈ سے پہلا ٹیسٹ ہارگیا

29 نومبر 2009

نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ جیت کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔

https://p.dw.com/p/KkDl
تصویر: AP

میزبان ٹیم کی اس کامیابی کا سہرا فاسٹ بولر شین بونڈ کے سر ہے، جنہوں نے دو سال کے وقفے کے بعد پہلی مرتبہ کسی ٹیسٹ میچ میں حصہ لیا اور شاندار کارکردگی دکھائی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے دوسری اننگز میں شین بونڈ اور او برائن نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کو دوسری اننگز میں میچ جیتنے کے لیے 252 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن پاکستان کی پوری ٹیم 218 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی ٹیم ابتداء ہی سے مشکلات کا شکار ہو گئی اور اس کے پہلے تین بلے باز دوسری اننگز میں بھی بری طرح ناکام ہوئے۔

Pakistan cricketers Akhtar and Asif
پاکستان کی طرف سے محمد آصف نے دوسری اننگ میں نیوزی لینڈ کے چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔تصویر: AP

پاکستان کی اننگز کو ایک مرتبہ پھر عمر اکمل نے سہارا دیا۔ اس مرتبہ کپتان محمد یوسف نے ان کا ساتھ دیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں تقریباً ستر رن بنائے۔ محمد یوسف اکتالیس رنز بناسکے۔ ٹیسٹ کیریئر کی پہلی ہی اننگ میں سنچری بنانے والےعمر اکمل نے دوسری اننگز میں نصف سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ عمر اکمل پچہتر کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل پاکستان کے گیند بازوں نے نیوزی لینڈ کو دوسری اننگ میں ایک سو تریپن کے مجموعی سکور پر آؤٹ کر دیا۔ پاکستان کی طرف سے محمد آصف سب سے کامیاب باولر رہے انہوں نے بیس اوور میں تینتالیس رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مین آف دی میچ چونتیس سالہ شین بونڈ نے ایک سو ترپن رنز اور آٹھ وکٹوں پر میچ ختم کیا۔ کیویز اور گرین شرٹس کے درمیان اس سریز کا دوسرا میچ تین دسمبر سے شروع ہو گا جبکہ تیسرا گیارہ دسمبر سے۔

رپورٹ : ندیم گل

ادارت : شادی خان سیف