1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان نے افغان سرحد سے فوجی یونٹ بھارتی سرحد پر منتقل کئے: امریکہ

6 مارچ 2009

امریکی محکمہء دفاع کے مطابق شمال مغربی پاکستان میں اسلامی انتہا پسندوں کے خلاف اسلام آباد حکومت کی جدوجہد کے نتائج اِس لئے ملے جلے رہے کیونکہ کچھ فوجی یونٹوں کو بھارت کے ساتھ ملنے والی مشرقی سرحد پر منتقل کر دیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/H6dN
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق کیانی، جن کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد نے واشنگٹن کا دورہ کیا ہےتصویر: AP

صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے پینٹاگان کے پریس سیکریٹری جیف موریل نے جمعرات کو کہا کہ پاکستان کے اس خطے میں جاری آپریشنز کے مؤثر ہونے کے حوالے سے دیکھا جائے تو کچھ شعبوں میں پیشرفت ہوئی ہے جبکہ دیگر میں صورتحال اور زیادہ خراب ہو گئی ہے۔

امریکہ کے خیال میں دہشت گرد تنظیم القاعدہ اپنی کھوئی ہوئی طاقت کو پاک افغان سرحدی علاقے میں پھر سے مجتمع کر رہی ہے۔ موریل نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو عسکریت پسندوں کے خلاف مقابلے کے لئے امداد فراہم کرنے کو تیار ہے لیکن محض ایک ایسے انداز میں، جو اسلام آباد حکومت کے لئے قابل قبول ہو۔

واشنگٹن میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے موریل نے ان خیالات کا اظہار پاکستان سے گئے ہوئے اُس اعلیٰ سطحی وفد کے دَورہء واشنگٹن کے بعد کیا، جس میں پاکستانی فوج کے سریراہ جنرل اشفاق کیانی بھی شامل تھے۔

موریل کے مطابق جنرل اشفاق کیانی کے اِن خیالات پر امریکی نمائندوں بالخصوص امریکی وزیر دفاع نے اطمینان کا اظہار کیا کہ اُن کے علاقے میں موجود عسکریت پسند جتنا زیادہ پاکستان کے لئے خطرہ ہیں، اتنا ہی امریکہ کے لئے بھی ہیں۔

پاکستان امریکہ کی جانب سے بغیر پائلٹ کے جہازوں سے اپنی سرزمین پر کئے جانے والے حملوں پر سخت ناراض ہے تاہم وہ نہ صرف اِن حملوں کو رُکوانے میں کامیاب نہیں ہو سکا بلکہ اُس کی یہ کوششیں بھی بارآور ثابت نہیں ہوئیں کہ امریکہ ڈرونز کا نظام پاکستانی حکام کی نگرانی میں دے دے۔