1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا

23 ستمبر 2009

پاکستان نے جوہانسبرگ میں چیمپیئنز ٹرافی کا اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ وکٹوں سے جیت لیا ہے۔ میچ کی خاص بات پاکستانی بولروں کی تباہ کن کارکردگی تھی۔

https://p.dw.com/p/JnZR
تصویر: AP

جنوبی افریقہ میں جاری چیمپیئنز ٹرافی کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 34.3 اوورز میں 133 رنزکے اسکور پر ڈھیر ہوگئی۔ خراب پچ پر ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے بیٹسمین پاکستان کے بولروں کا سامنا کرنے میں بے بس دکھائی دیئے، لیکن بظاہر آسان دکھائی دینے والے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستانی بلے باز بھی پریشان نظر آئے۔

BdT Pakistan Cricket Younis Khan
یونس خان انجری کے باعث آج پاکستانی ٹیم کی کپتانی نہیں کرسکےتصویر: AP

پاکستان نے 134 رنز کے تعاقب میں جب اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اسے شروع کے پندرہ اوورز تک یکے بعد دیگرے پانچ وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ تاہم اننگز کے بیسویں اوور کے بعد شاہد خان آفریدی اور عمر اکمل نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں ذمے داری سے بیٹنگ کی اور پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف اکتّیسویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ عمر اکمل نے 41 جبکہ کپتان آفریدی نے 17 رنز بنائے، دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی، تاہم میچ کے آغاز سے ہی پاکستانی بولرز ویسٹ انڈیز کے بیٹسمینوں پر حاوی دکھائی دیئے۔ ویسٹ انڈیز کے نئے بولر ٹونگے نے دس اوورز میں پچیس رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔

نوجوان پاکستانی بولر محمد عامر نے سات اوورز میں چوبیس رنز دے کر تین وکٹ لئے۔ فاسٹ بولر عمر گل نے آٹھ اووز میں اٹھائیس رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے، جبکہ سعید اجمل، رانا نوید الحسن اور شاہد آفریدی نے بالترتیب دو اور ایک ایک وکٹ لئے۔ اس میچ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت شاہد خاں آفریدی کے ہاتھ میں تھی، کیونکہ یونس خان انجری کے شکار ہیں۔

گروپ اے میں پاکستان کا مقابلہ اپنے روایتی حریف بھارت اور آسٹریلیا کی مضبوط ٹیمیوں سے ہوگا۔ پاکستان اور بھارت کا میچ ہفتہ کی روز سینچورین کے میدان پر ہوگا۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: گوہر نذیر گیلانی