1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کا یوم آزادی، بھارتی کشمیر میں کرفیو

امتیاز احمد14 اگست 2015

کشمیری علیحدگی پسندوں کو پاکستان کا یوم آزادی منانے سے روکنے کے لیے بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے مختلف حصوں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ کرفیو کے نفاذ کا مقصد یہ بھی ہے کہ وہاں پاکستانی پرچم نہ لہرائے جا سکیں۔

https://p.dw.com/p/1GFjK
Indien Kaschmir Polizisten
تصویر: Getty Images/AFP/R. Bhat

بھارتی پولیس حکام کے مطابق کشمیر کے مرکزی شہر کے مختلف حصوں میں کرفیو نافذ کرنے کا مقصد ایسے مظاہروں کو روکنا ہے، جو پاکستان کا یوم آزادی منانے کے لیے اور بھارت کی مخالفت میں نکالیں جائیں۔ سری نگر میں اس مرکزی مسجد کے علاقے میں بھی کرفیو نافذ کر دیا گیا، جہاں خطرہ تھا کہ نماز جمعہ کے بعد مظاہرے شروع ہو سکتے ہیں۔

بھارتی پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کے راجندر کا نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’پابندیاں اس وجہ سے عائد کی گئی ہیں تاکہ شرپسندوں کو پاکستانی پرچم لہرانے سے روکا جا سکے اور کسی بھی ممکنہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔‘‘

نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق تقریباﹰ ہر سال ہی پاکستان اور بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر بھارت کے زیر کنٹرول کشمیر میں صورتحال کشیدہ ہو جاتی ہے۔ کشمیر بھارت کی واحد مسلم اکثریتی ریاست ہے اور اس ریاست میں متعدد باغی گروپ حکومت مخالف مسلح کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ گروپ گزشتہ کئی دہائیوں سے آزادی یا پاکستان کے ساتھ ممکنہ الحاق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ابھی تک اس تنازعے میں ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

شدید فائرنگ کا تبادلہ

پاکستانی یوم آزادی کے موقع پر پاکستان اور بھارت کے مابین شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ پاکستان فوج کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق بھارتی مارٹر گولے کی وجہ سے ایک پاکستانی خاتون ہلاک جبکہ اس کی دو بیٹیاں اور شوہر زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ نیزا پیر کے مقام پر پیش آیا۔ سرحدی علاقوں میں پاکستان اور بھارت کے مابین عام حالات میں بھی گولہ باری ہوتی رہتی ہے لیکن یہ واقعات ایک ایسے وقت پر رونما ہو رہے ہیں جب دونوں ملک چودہ اور پندرہ اگست کو اپنا اپنا یوم آزادی منا رہے ہیں۔

پاکستانی پولیس افسر محمد انصار کے مطابق بھارت کی طرف سے راکٹ اور مارٹر گولے فائر کیے جا رہے ہیں اور دیہاتی فرار ہو کر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب بھارتی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل منیش مہتا نے یہی الزام پاکستانی سکیورٹی فورسز پر عائد کیا ہے۔ منیش مہتا کے مطابق کشمیر کے علاقے میں فائرنگ کا آغاز پاکستان نے کیا تھا جبکہ بھارت کی طرف سے محض جوابی کارروائی کی گئی ہے۔