1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کا 65 واں یوم آزادی

14 اگست 2011

پاکستان میں آج ملک کا پینسٹھواں یوم آزادی منایا جا رہا ہے۔ ماضی کے مقابلے میں اس سال انٹرنیٹ کی دنیا میں آزادی کے موضوع کو خاصی اہمیت دی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/12GD3

آج دن کا آغاز ملکی استحکام اور خوشحالی کی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ساتھ ساتھ چاروں صوبوں میں مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے، جن میں آزادی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں اور آزادی کے خواب کو عملی جامہ پہنانے والی شخصیات کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

سماجی ویب سائٹس استعمال کرنے والے بہت سے افراد نے اپنے پروفائل پر پاکستانی پرچم لگائے ہوئے ہیں اور ایک دوسرے کو جشن آزادی کی مبارک باد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ نوجوانوں کی بڑی تعداد اپنے ذاتی نظریات اور موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں آزادی کے موضوع پر سنجیدگی سے اظہار خیال کر رہے ہیں۔

Bildergalerie Atomwaffen 66 Jahre Hiroshima Pakistan atomwaffenfähige Rakete
یوم آزادی روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہےتصویر: AP

دار الحکومت اسلام آباد میں31 توپوں جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا۔ کراچی میں مزار قائد پر تبدیلی گارڈز کی تقریب منقعد کی گئی۔ گزشتہ برسوں کی روایت کی طرح سرکاری اور نجی عمارتوں پر چراغاں بھی کیا گیا۔ شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے اپنے گھروں کو پاکستانی پرچم اور سبز رنگ کی جھنڈیوں سے سجا رکھا ہے۔

پاکستان کی حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر بڑی سیاسی جماعتوں نے بھی اس دن انتہائی جوش و جذبے کےساتھ منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان کے نجی و سرکاری ٹیلی وژن چینلز پر دن بھر کے لیے خصوصی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔ اخبارات آج کے دن کی مناسبت سے خصوصی ضمیمے شائع کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔

روایت کے مطابق دارالحکومت میں صدر پاکستان اسلام آباد میں پرچم کشائی کی ایک تقریب میں شرکت کرنے کے بعد قوم سے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر کسی ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر خصوصی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت : شادی خان سیف