1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ نیوزی لینڈ، سکواڈ کا اعلان

1 دسمبر 2010

دورہ نیوزی لینڈ کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سکواڈ سے سابق ٹیسٹ کپتان محمد یوسف، کامران اکمل، شعیب ملک اور دانش کنیریا کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے ٹیسٹ کپتان مصابح الحق کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/QMOl
محمد یوسف کا کیریئر ختم ہوتا نظر آ رہا ہےتصویر: AP

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ فی الحال صرف ٹیسٹ اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچز کے لئے ٹیموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’ایک روزہ میچوں کے لئے ٹیم کا اعلان تین ٹوئنٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچز کے بعد کیا جائے گا۔‘ ٹیسٹ سیریز کے لئے مصباح الحق جبکہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے لئے شاہد خان آفریدی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

محمد یوسف کو ڈراپ کئے جانے کے بعد یہ خبریں عام ہو گئی ہے، ان کا بین الاقوامی کیریئر اب انجام کو پہنچ گیا ہے۔ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ سیریز میں انجری کا شکار ہو گئے تھے، جس کے نتیجے میں انہوں نے ٹیسٹ میچز میں حصہ نہیں لیا تھا۔

دوسری طرف وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کو نظر انداز کرنے سے ان کے سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کے شبہات تقویت پا رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ انہیں کلیئر قرار دے چکا ہے، پھر بھی دورہ نیوزی لینڈ کے لئے سکواڈ میں انہیں شامل نہ کیا جانا ایک سوال بنا ہوا ہے۔ اسی طرح دانش کنیریا اور شعیب ملک کی عدم موجودگی کے بارے میں بھی کچھ معلوم نہیں ہو سکا، کہ آخر انہیں ڈراپ کرنے کی وجہ کیا ہے۔ کرکٹ بورڈ نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

Pakistan Sport Cricket Kamran Akmal
کامران اکمل ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے ہیںتصویر: AP

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محسن حسن خان نے اتنا ہی بتایا ہے کہ صرف ان کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا ہے، جنہیں بورڈ نے کلیئرنس دے رکھی ہے۔ وکٹ کیپر کے طور پر کامران اکمل کے بھائی عدنان اکمل اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

ٹوئنٹی ٹوئنٹی سکواڈ:

شاہد آفریدی (کپتان) محمد حفیظ، احمد شہزاد، یونس خان، عمر اکمل، فواد عالم،عدنان اکمل (وکٹ کیپر)، سعید اجمل، عبدالرحمان، عبدالرزاق، عمر گل، شعیب اختر، تنویر احمد، سہیل تنویر اور وہاب ریاض (ان کی شرکت فٹنس سے مشروط ہے)

ٹیسٹ سکواڈ:

مصباح الحق (کپتان)، محمد حفیظ، توفیق عمر، یونس خان، اظہر علی، اسد شفیق، عمر اکمل، عدنان اکمل (وکٹ کیپر)، سعید اجمل، عبدالرحمان، عمر گل، تنویر احمد، سہیل تنویر اور وہاب ریاض

پاکستانی ٹیم اپنا پہلا ٹور میچ آکلینڈ کے خلاف 23 دسمبر کو کھیلے گی جبکہ پہلا ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ چھبیس دسمبر کو آکلینڈ میں ہی کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں