1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کرکٹ کے لئے دھچکہ، گُل اور عرفات زخمی

18 اپریل 2010

ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2010ء کے شروع ہونے سے محض گیارہ روز قبل دفاعی چیمپیئن پاکستان کو فاسٹ بولر عُمر گل اور آل راوٴنڈر یاسر عرفات کے زخمی ہونے کے باعث ایک بہت بڑا دھچکہ لگا ہے۔

https://p.dw.com/p/MzZz
عمر گل سابق سٹار بولر وسیم اکرم سے ٹیپس لیتے ہوئےتصویر: AP

ویسٹ انڈیز میں 30 اپریل سے شروع ہونے والے تیسرے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے ان دو کھلاڑیوں کا فٹ نہ ہونا پاکستانی ٹیم کے ساتھ ساتھ مداحوں کے لئے بھی بُری خبر ہے۔ پاکستانی کرکٹ بورڈ نے باقاعدہ طور پر عُمر گل اور یاسر عرفات کے اَن فٹ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ ٹورنامنٹ میں ان کی شمولیت خارج از امکان قرار دی ہے۔

Cricket - Shahid Afridi
شاہد آفریدی کو اس فیصلے سے قبل اعتماد میں لیا گیاتصویر: AP

پاکستانی کرکٹ بورڈ نے کیریبین میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے حوالے سے کھلاڑیوں کے لئے تین ہفتوں پر مبنی ایک تربیتی کیمپ منعقد کیا تھا۔ اسی ٹریننگ کیمپ کے دوران فاسٹ بولر عمر گل اور آل راوٴنڈر یاسر عرفات زخمی ہوگئے۔

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں عمر گل پاکستان کے لئے بہترین بولر ثابت ہوئے ہیں۔ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے پچھلے دو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں گل نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 میچوں میں 26 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ 2007ء اور 2009ء کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں عمر گل نے پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

Waqar Younis Pakistan Trainer
پاکستانی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور موجودہ کوچ وقار یونستصویر: AP

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی، کوچ وقار یونس اور چیف سلیکٹر محسن خان کے مطابق گل اور عرفات کی جگہ فاسٹ بولر محمد سمیع اور نوجوان بولر محمد عرفان ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں کھیلیں گے۔ چیف سلیکٹر محسن خان نے لاہور میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ کپتان اور کوچ کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ اتنے بڑے ٹورنامنٹ کے لئے نصف فٹ کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ پہلے ہی بحران کی شکار ہے۔ آل راوٴنڈرز شعیب ملک اور رانا نوید الحسن کو بورڈ کی طرف سے ایک ایک سال کی پابندی اور جرمانے کا سامنا ہے، جس کے باعث یہ دونوں ہی کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں