1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 140رنوں سے عبرتناک شکست

Geelani, Gowhar10 جون 2008

بنگلہ دیش میں جاری سہ فریقی کٹ پلئی کپ میں آج کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستانی ٹیم کو ایک سو چالیس رنوں سے زبردست شکست دے کر گیارہ مسلسل فتوحات کے سلسلے کو روک دیا۔

https://p.dw.com/p/EHM2
بھارت کے خلاف میچ میں شعیب اختر اور محمد آصف کی عدم موجودگی میں پاکستان کی بولنگ انتہائی کمزور ثابت ہوئیتصویر: AP

بھارتی ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ بھارت نے مقررہ پچاس اووروں میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر تین سو تیس رن بنائے۔

جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم محض ایک سو نوے رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے میڈیم پیسر پروین کمار اور لیگ سپنر پیوش چاولا‘ دونوں نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی جانب سے کپتان شعیب ملک اور وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کے علاوہ کوئی بھی بلے باز اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہوا۔ ملک نے 53 اور اکمل نے 38 رنز سکور کئے۔

اس سے قبل بھارت کے افتتاحی بیٹسمینوں‘ گوتم گمبھیر اور وریندر سہواگ نے جارحانہ طریقے سے بیٹنگ کا آغاز کیا۔ دونوں نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ سہواگ نے نواسی جبکہ گمبھیر نے باسٹھ رنز سکور کئے۔ یوراج سنگھ نے بھی نصف سنچری سکور کی۔ انہوں نے پچپن رن بنائے۔ سہواگ کو ان کی بہترین او رجارحانہ بیٹنگ کے لئے مرد میدان قرار دیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے میڈیم فاسٹ بولر عمر گل نے اکسٹھ رنوں کے عوض تین وکٹیں جبکہ شاہد خان آفریدی نے باون رن دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان نے انتہائی خراب شروعات کی۔ پاکستانی بیٹسمین کوئی بھی خاطر خواہ شراکت کرنے میں ناکام رہے۔

چھبیس رنوں کے معمولی سکور پر پاکستان کے تین بیٹسمین پویلین لوٹ چکے تھے۔ ٹیم کے دو بہترین بیٹسمین‘ یونس خان اور محمد یوسف نے مایوس کن کارکردگی کا مُظاہرہ کیا۔ یونس بغیر کوئی رن بنائے جبکہ یوسف محض گیارہ رن بناکر آوٴٹ ہوئے۔