1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کو دوسرے وَن ڈے میں بھی شکست

13 ستمبر 2010

انگلینڈ نے دوسرے وَ ن ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں پاکستان کو چار وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔ پاکستان نے اتوار کے اس میچ میں میزبان ٹیم کو جیت کے لئے 295 رنز کا ہدف دیا تھا۔

https://p.dw.com/p/PATG
انگلینڈ کے کپتان اینڈریو سٹراؤستصویر: ap
Shahid Afridi
پاکستان کے کپتان شاہد آفریدیتصویر: AP

پانچ میچز کی اِس سیریز میں اب انگلینڈ کو دو صفر کی برتری حاصل ہے۔ انگلینڈ کے کپتان اینڈریو سٹراؤس نے لیڈز میں کھیلے گئے اس میچ میں اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے اپنے وَن ڈے میچز کے کیریئر کی پانچویں سنچری سکور کرتے ہوئے 126رنز بنائے۔

تاہم کھیل کے دوران ایک وقت ایسا بھی آیا، جب میزبان ٹیم سٹراؤس کی شاندار کارکردگی کو ضائع کرنے کے قریب تھی۔ 295 رنز کے تعاقت میں ان کے دو کھلاڑی 220 کے ٹوٹل پر آؤٹ تھے جبکہ 260 کے مجموعی سکور پر ان کے پانچ بیٹسمین آؤٹ ہو چکے تھے، جن میں سٹراؤس بھی شامل تھے۔ پھر بھی کھیل کے آخری اوور میں، میچ ختم ہونے سے دو گیند پہلے ہی وہ جیت اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

سٹراؤس نے جوناتھن ٹراؤٹ کے ساتھ شراکت میں 146 رنز بنائے۔ انہیں اس شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انہوں نے اب تک 110 وَن ڈے میچز کھیلے ہیں۔ بعدازاں سٹراؤس نے کہا، ’ٹراؤٹ کے ساتھ شراکت بہت اچھی رہی۔ ہم جیت کے عادی ہو چکے ہیں اور ہمیں یہ عمل جاری رکھنا ہو گا۔‘

تاہم یہ میچ انگلینڈ کے لئے اتنا آسان بھی نہیں رہا۔ سٹراؤس کو آؤٹ کرنے کے دو قیمتی مواقع ضائع ہوئے۔ انہیں پہلے 23 اور پھر 38 کے مجموعی سکور پر آؤٹ کرنے کا موقع ملا۔ پاکستانی کھلاڑیوں کو یقین تھا کہ ان دونوں مواقع پر وکٹ کیپر نے سٹراؤس کے کیچ پکڑے۔ تاہم وَن ڈے انٹرنیشنل میں ایمپائر ریویو سسٹم نہ ہونے کے باعث پاکستان اس صورت حال سے فائدہ نہ اٹھا سکا۔ بصورت دیگر انگلینڈ کے لئے نتائج اس کے برعکس ہو سکتے تھے۔

Shoaib Akhtar Mai 2009
شعیب اختر نے ایک وکٹ لیتصویر: AP

پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی نے کہا، ’میں آج کی پرفارمنس سے کافی خوش ہوں۔ بولرز اچھی کارکردگی دکھانے لگے ہیں۔ ہو سکتا ہے آئندہ چند میچز میں ہمارا کھیل اچھا ہو جائے۔‘

پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے 52 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔ کامران اکمل نے 74 اور اسد شفیق نے 50 رنز بنائے۔ قبل ازیں سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو کھیلا گیا تھا، جو انگلینڈ نے 24 رنز سے جیت لیا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں