1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’پاکستان کی بہو اسلام آباد پہنچ گئیں‘

22 اپریل 2010

پاک بھارت امن کے سفیر کی حیثیت دھارنے والا شعیب ملک اورثانیہ مرزا کا نوبہتا جوڑا کراچی سے ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/N3xH
تصویر: AP

دونوں نے اس موقع پرمیڈیا سے براہ راست بات نہیں کی البتہ ٹیلی ویژن کیمروں میں محفوظ کی گئی تصاویر کے مطابق ثانیہ نے پاکستان آمد کے موقع پر سرخ و سبز رنگ کا لباس جبکہ ملک نے نیلی جینز اور سبز ٹی شرٹ پہن رکھی تھی۔

کراچی کے ہوائی اڈے پر دونوں کے پرستار بڑی تعداد میں موجود تھے جہاں بعض خوش آمدی بینرزپر’پاکستان کی بہو، وطن آنے پر خوش آمدید‘ لکھا تھا۔ دونوں کو دیکھنے کے بیتاب پاکستانیوں کو کراچی میں دیدار نصیب نہیں ہوا کیونکہ نوبہتا جوڑا سلامتی کے کڑے حصارمیں اپنی اگلی منزل کی جانب پرواز کرگیا۔ اطلاعات کے مطابق دونوں کو سخت حفاظتی پہرے میں راولپنڈی کے ہوائی اڈے سے سرینا ہوٹل پہنچادیا گیا ہے۔

ملک اورمرزا کی جمہ کو صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

Tennisspielerin Sania Mirza
ثانیا کہہ چکی ہیں کہ دونوں شادی کے بعد دبئی میں رہیں گے اور کھیل کے میدان میں اپنے اپنے ملک کی نمائندگی جاری رکھیں گےتصویر: AP

12 اپریل کو شادی کے بندھن میں بندھنے سے پہلے تک دونوں کو مختلف حلقوں کی جانب سے تندوتیز بیانات کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم اب دونوں ایک ہفتے تک پاکستان میں اپنی شادی سے جڑی خوشگوار تقریبات میں مصروف رہیں گے۔ شعیب ملک کے آبائی علاقے سیالکوٹ میں25 اپریل کو ولیمے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ 27 اپریل کو لاہورمیں بھی اسی نوعیت کی تقریب کا اہتمام ہے۔ اس سے قبل ثانیہ مرزا کے ویزے کے لئے درخواست دائر کی جائے گی جبکہ 28 اپریل کو دونوں کی دبئی جا بسنے کی اطلاعات ہیں۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ پرجمعرات کو ملک اورثانیہ کی آمد کا زیادہ چرچا رہا جبکہ وزیراعظم کی جانب سے توانائی کی بچت کے نئے منصوبے کے اعلان پر توجہ قدرے کم رہی۔

رپورٹ شادی خان سیف

ادارت عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں