1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کی شاندار فتح

بینش جاوید
19 جون 2017

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان نے دفاعی چیمپئن بھارت کو 180 رنز سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ سوشل میڈیا پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مداح خوشی کے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2euVA
ICC Champions Trophy Sieger Pakistan
تصویر: Reuters/P. Childs

پاکستان میں سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ ’پاکستان بمقابلہ انڈیا‘، ’کانگریجولیشنز پاکستان‘، اور ’پاکستان زندہ باد‘، ٹرینڈ کر رہا ہے۔ پاکستانی ٹی وی اینکرز ، کھلاڑی، تجزیہ کار اور شہری پاکستانی ٹیم کو مبارک باد دے رہے ہیں۔

بھارتی اداکار رشی کپور نے بھی پاکستانی ٹیم کی فتح پر ٹیم کو مبارک باد دی ۔ میچ سے قبل سوشل میڈیا پر بولی ووڈ اداکار رشی کپور کی کچھ ٹوئٹس پر گرما گرم بحث جاری تھی۔ رشی کپور نے ایک  ٹوئٹ میں لکھا تھا،’’ پاکستان مبارک ہو۔ تم فائنل میں پہنچ گئے ہو لیکن ہم تمہیں ہرا دیں گے۔‘‘ اس ٹوئٹ پر رشی کپور سے پاکستانی کرکٹ کے مداح بہت ناراض ہوئے۔ اس کے بعد رشی کپور نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا،’’ پاکستان کرکٹ بورڈ ،کرکٹ ٹیم بھیجنا۔ پہلے ہاکی یا کھو کھو ٹیمیں بھیجی تھیں۔ کیوں کہ اٹھارہ جون جس دن فاردرز ڈے ہے اس دن باپ کھیلے گا تمہارے ساتھ۔‘‘

اس ٹوئٹ کے بعد پاکستانی کرکٹ کے مداحوں نے بھی سوشل میڈیا ویب سائٹوں پر بہت غصے کا اظہار کیا اور بھارتی اداکار سے بہت بحث مباحثہ کیا۔ لیکن بات یہاں نہیں رکی۔ رشی کپور نے ایک ٹوئٹ میں لکھا،’’ تم لوگ جیتو اور ہزاروں بار جیتو صرف دہشت گردی بند کر دو یار، مجھے ہار منظور ہے۔‘‘

تاہم رشی کپور نے گزشتہ روز اپنے ایک ٹوئٹ پیغام میں پاکستانی ٹیم کی تعریف کی۔ انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا،’’ پاکستان تم نے ہمیں ہرا دیا۔ بہت اچھا کھیلا اور کرکٹ میچ میں ہر اعتبار سے ہمیں پیچھے چھوڑ دیا۔ مبارک باد‘‘

سوشل میڈیا پر ایسی کئی ویڈیوز شیئر کی گئی ہیں جن میں پاکستانی شائقین خوشی سے رقص کر رہے ہیں۔ کچھ ویڈیوز میں ہوائی فائرنگ کے مناظر بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ ہوائی فائرنگ کے باعث کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے بھی ایک ویڈیو پیغام میں پاکستانی قوم کو اس فتح پر مبار کباد پیش کی۔

اس موقع پر پاکستانی فوج کا شعبہء تعلقات عامہ بھی پیچھے نہیں رہا۔ آئی ایس پی آر کے ترجمان میجر جنرل عاصم غفور نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر  بلوچستان کی تصاویر شیئر کیں جن میں لوگوں کو جشن مناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ میجر جنرل عاصم غفور نے لکھا، ’’ یہ ہمارا بلوچستان ہے۔‘‘ اس کے علاوہ ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے شہر سری نگر کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہاں کے مقامی افراد پاکستان کی جیت پر جشن منا رہے ہیں۔

خوش آئند بات یہ ہے کہ بھارت کے بہت سے کھلاڑیوں اور بالی وڈ اداکاروں نے پاکستانی ٹیم کی کامیابی پر پاکستان کو مبارک باد پیش کی۔