1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کے حق میں بیان کیوں دیا ؟ طالبہ کو ریپ کی دھکمیاں

بینش جاوید
28 فروری 2017

بھارت میں ایک بیس سالہ لڑکی گر مہر کور کو کئی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا اس لیے کرنا پڑ رہا ہے کیوں کہ اس نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے اسٹوڈنٹ ونگ کو کالجوں میں مبینہ طور پر تشدد کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

https://p.dw.com/p/2YOVa
Screenshot Twitter Gurmehar Kaur
تصویر: Twitter/Gurmehar Kaur

بھارت میں کئی حلقوں کی جانب سے کور پر اس لیے بھی تنقید کی جا رہی ہے کیوں کہ اس نے بی جے پی کے اسٹوڈنٹ ونگ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد ( اے بی وی پی) پر تنقید کے علاوہ اپنے مرحوم والد کے حوالے سے کہا تھا، ’’ میرے والد کو پاکستان نے نہیں، جنگ نے جان سے مارا تھا۔‘‘ کور کے والد بھارتی فوج میں کپتان تھے اور سن 1999 میں پاکستان کے ساتھ ہونےو الی کارگل جنگ میں ہلاک ہو گئے تھے۔  کور کے اس پیغام کو شدید تنقید کا سامنا رہا۔ یہاں تک کے عالمی شہرت یافتہ بھارتی کرکٹر ورندر سہواگ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا،’’ میں نے تین مرتبہ سنچری نہیں بنائی بلکہ میرے بلے نے بنائی ہے۔‘‘ سہواگ کی یہ ٹوئٹر پوسٹ بھارت کے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور کئی افراد نے اس بیس سالہ لڑکی کو دھکمیاں دینا شروع کر دیں۔

 بھارتی نیوز چینل این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق اس بیس سالہ طالبہ کو ٹوئٹر پر  دھکمی آمیز پیغامات موصول ہونے کے بعد اسےگزشتہ روز پولیس کی جانب سے تحفظ فراہم کر دیا گیا ہے ۔ جس اسٹوڈنٹ گروپ کو کور نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے اس پر الزام ہے کہ اس گروہ نے بھارت میں رام جَس کالج میں لڑائی اور تشدد کا آغاز اس لیے کیا تھا کیوں کہ اس کالج نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے طالب علم عمر خالد کو کسی تقریب میں مدعو کیا تھا۔ اے بی وی پی نے اس کالج پر بھارت مخالف سرگرمیاں کرنے کا الزام عائد کیا تھا کیوں کہ عمر خالد پر غداری کا الزام لگایا جا رہا تھا۔    

کور نے بھارتی نیوز چینل این ڈی ٹی وی کو بتایا،’’ مجھے سہواگ کی ٹوئٹ سے بہت دکھ پہنچا ہے کیوں کہ وہ ایک بڑے کرکٹر  رہے ہیں اور اُن جیسے بڑے ناموں کو لوگ ایک مثالی شخصیت کی طور پر دیکھتے ہیں۔‘‘ کور نے کہا کہ انہیں سوشل میڈیا پر بہت سے افراد دھکمیاں دے رہے ہیں۔ یہ بہت خطرناک بات ہے کہ لوگ مجھے ریپ کرنے اور تشدد کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

کرکٹر ورندر سہواگ کے علاوہ بھارت کے یونین منسٹر اور اداکار رندیپ ہُڈا نے بھی کور کے موقف کے خلاف ٹوئٹس کی ہیں۔ بی جے پی کے ایک رہنما نے گر مہر کا موازنہ داؤد ابراہیم سے بھی کیا ۔ داؤد ابراہیم کو بھارتی حکومت دہشت گرد قرار دیتی ہے۔

دہلی کے وزیر اعلیٰ تاہم کور کے حق میں آواز اٹھا رہے ہیں۔ اروند کیجروال نے اپنی ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ وہ اے بی وی پی کی بدمعاشی اور کور کو ریپ کی دھمکیاں دینے کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔

آج بھارت کے دارالحکومت میں کور کی حمایت میں ریلیاں نکالی گئیں۔ مختلف کالجوں کے طلبہ نے نئی دہلی کی سٹرکوں پر کور کو شدید تنقید کا نشانہ بنائے جانے اور کالجوں میں تشدد کے خلاف احتجاج کیا۔  کور بھارت کے لیڈی شری رام کالج کی طالبہ ہیں اور اس کالج کے اساتذہ نے کور کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔