1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پرانی گاڑی اور کچھ پیسے دیجیے، نئی گاڑی لیجیے

عاطف توقیر
22 اگست 2017

کارساز ادارہ فورڈ برطانیہ میں پرانی گاڑی اور دو ہزار پاؤنڈ کے عوض ضرر رساں گیسوں کا کم اخراج کرنے والی نئی گاڑیوں کی فروخت شروع کر رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/2ieEM
Spanien Fordhändler in Madrid
تصویر: L. Frayer

منگل کے روز اس نئی پیش کش کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت خریدار 31 دسمبر 2009 سے پہلے رجسٹرڈ کی جانے والی تمام گاڑیاں دے کر نئی اور کم آلودگی پیدا کرنے والی گاڑیاں خرید سکتے ہیں۔ فورڈ ان پرانی گاڑیوں کو خرید کر تلف کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد پرانی گاڑیوں کی وجہ سے دھوئیں اور ضرر رساں گیسوں کے اخراج میں کمی کرنا ہے۔

Großbritannien Neue Nutzung für alte Tankstellen
پرانی گاڑیاں خرید کر تلف کر دی جائیں گیتصویر: Reuters/T. Melville

فورڈ کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے، جب مختلف حکومتیں فضائی آلودگی میں کمی کے لیے کارساز اداروں اور خصوصاﹰ ڈیزل انجنوں کے استعمال پر دھیرے دھیرے اپنی پالیسیاں سخت بنا رہی ہیں۔ کارساز ادارے اسی تناظر میں الیکٹرک گاڑیوں جیسی نئی ٹیکنالوجی میں بھی بھرپور سرمایہ کاری کر رہی ہیں، تاکہ اپنے مستقبل کو محفوظ بنا سکیں۔

برطانیہ میں کارساز ادارے فورڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر اینڈی باراٹ کے مطابق پرانی گاڑیوں کو سڑکوں سے ہٹانے کےنتیجے میں ہوا کے معیار پر فوری اور مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔ ’’ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ پرانی گاڑیاں خرید کر انہیں مکمل طور پر تلف کیا جا چکا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ اس طرح مل کر کام کرنے سے مختلف اضلاع اور شہروں میں آلودگی پیدا کرنے والی ایسی لاکھوں گاڑیوں کا خاتمہ ممکن ہو گا۔