1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پشاورمیں بم دھماکہ، کم از کم 11 افراد ہلاک

9 جون 2009

پاکستانی صوبہ سرحد کے دارالحکومت پشاور میں ہوٹل پرل کونٹینینٹل کے باہر منگل کی رات ہونے والے بم دھماکے میں خبررساں اداروں کے مطابق کم ازکم 11 افراد ہلاک اور 35 سے زائد زخمی ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/I6UA
اس دھماکے میں شہر کے واحدفائیو سٹار ہوٹل کو نشانہ بنایا گیاتصویر: AP

سیکیورٹی حکام کے مطابق عسکریت پسندوں نے اس موقع پر شدید فائرنگ بھی کی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں کئی غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

پشاور پولیس نے اس دھماکے میں کم ازکم سات افراد کی ہلاکت اور ایک خاتون سمیت چالیس کے قریب دیگر افرادکے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ واضح رہے کہ پشاور کے اس واحد فائیو اسٹار ہوٹل میں غیر ملکیوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے۔ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عسکریت پسندوں کی جانب سے کئے گئے اس حملے کا مقصد غیر ملکی افراد کو نشانہ بنانا ہو سکتا ہے۔

طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی کارروائی کے بعد پاکستانی شہروں میں خودکش حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور حکام کے مطابق اس حملے میں بھی بظاہر طالبان عسکریت پسندوں کا ہاتھ ہے۔

جمعہ کے روز عسکریت پسندوں نے اپر دیر کے علاقے میں نماز جمعہ کے موقع پر ایک مسجد اور اس میں موجود نمازیوں کو بھی ایک خودکش حملے کا نشانہ بنایا تھا جس میں کم از کم پچاس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس حملے کے بعد مقامی قبائل نے ایک مسلح لشکر بنا کر عسکریت پسندوں کے خلاف اپنی طرف سے کارروائی کا آغاز کر دیا تھا۔ قبائلی لشکر کی ان کارروائیوں کے باعث طالبان عسکریت پسندوں کو علاقے سے نکلنا پڑا۔

رپورٹ عاطف توقیر

ادارت مقبول ملک