1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پشاور: ہوٹل پر خود کش حملہ، کم از کم بارہ افراد ہلاک

رپورٹ: شامل شمس ، ادارت: امجد علی10 جون 2009

منگل کے روز پشاور میں واقع پرل کونٹینینٹل ہوٹل پر کئے گئے ایک خود کش حملے کے نتیجے میں اب تک کم از کم دو غیر ملکی افراد سمیت بارہ افراد کے ہلاک ہونے اور پچاس سے زائد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

https://p.dw.com/p/I6Vu
اٹھائیس مئی کو پشاور کے مشہور قصّہ خوانی بازار میں دھماکے سے گیارہ افراد ہلاک ہو گئے تھےتصویر: AP
Soldat in Mingora / Pakistan
دھماکے کو مالاکنڈ میں جاری فوجی آپریشن کا ردِ عمل قرار دیا جا رہا ہےتصویر: AP

یہ خود کش حملہ ایک ٹرک کے ذریعے کیا گیا، جو کہ بارودی مواد سے بھرا ہوا تھا۔ مقامی پولیس کے مطابق دو مسلّح افراد ٹرک لے کر ہوٹل میں داخل ہوئے اور اُنہوں نے ہوٹل کی حفاظت پر مامور گارڈز پر فائرنگ کرنے کے بعد ٹرک کو ہوٹل کی عمارت سے ٹکرا دیا۔ ایک ماہ کے دوران پشاور میں بم دھماکے کا یہ ساتواں واقعہ ہے۔ واضح رہے کہ افغانستان سے ملحق پاکستان کے شمال مغربی صوبہء سرحد کے مالاکنڈ ڈویژن میں پاکستانی حکومت طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کر رہی ہے۔ بعض مبصرین ان دھماکوں کو فوجی آپریشن کا ردِ عمل قرار دے رہے ہیں۔

برطانوی دفترِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والے غیر ملکی باشندوں میں سے ایک برطانیہ کا شہری تھا۔ ہلاک ہونے والا دوسرا غیر ملکی شخص اقوامِ متحدہ کا کارکن بتایا جا رہا ہے۔ پشاور کے ایک ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق زخمی ہونے والے افراد میں سے چھ غیر ملکی ہیں۔

Pakistan Präsident Asif Ali Zardari vereidigt
پاکستانی صدر آصف زرداری نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیا ہےتصویر: AP


اِس حملے کی ذمہ داری تا حال کسی تنظیم یا گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔ پاکستانی صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

جائے حادثہ پر اب بھی بہت سے لوگ پھنسے ہوئے ہیں اور ان کو عمارت سے باہر نکالنے کا کام جاری ہے۔ پشاور کے سینئر پولیس افسر شفقت ملک نے خبر رساں اداروں کو بتایا کہ حملے کے لیے پانچ سو کلو سے زیادہ بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ آس پاس کی عمارتیں بھی لرز اٹھیں اور بعض کی کھڑکیوں اور دروازوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پرل کونٹینیٹل ہوٹل کے قرب میں واقع پشاور ہائی کورٹ اور صوبائی اسمبلی کی عمارتوں کو بھی دھماکے سے نقصان پہنچا ہے۔

اس سے قبل جمعہ کے روز صوبہء سرحد کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک مسجد پر خود کش حملے کے نتیجے میں اڑتیس افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔

واضح رہے کہ طالبان نے مالاکنڈ فوجی آپریشن کے جواب میں بڑے پیمانے پر انتقامی حملوں کی دھمکی دی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں