1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پلکیں جھپکئے ورنہ عینک ’دھندلی‘ ہو جائے گی

30 اکتوبر 2009

ایک جاپانی عینک ساز ادارے نے ایک ایسی عینک بنائی ہے، جسے پہنا جائے تو وہ انسان کو آنکھ جپکانے پر مجبور کر دیتی ہے۔

https://p.dw.com/p/KJa1
تصویر: picture-alliance/dpa

کمپیوٹر، ویڈیو گیمز یا ٹی وی اسکرین کے سامنے گھنٹوں بیٹھنے والے افراد کی آنکھوں کو تحفظ دینے کے لئے پلکیں جھپکانے پر مجبور کرنے والی خود کار عینک تیار کر لی گئی ہے۔ جاپانی ماہرین کے مطابق اس عینک کے شیشوں کو اس انداز سے تیار کیاگیا ہے کہ اسے پہننے والا شخص ہر پانچ سیکنڈ بعد آنکھ جھپکنے پر مجبور ہوجاتا ہے۔ اس عمل کی وجہ سے اس کی آنکھوں کے پٹھے مضبوط رہتے ہیں اور بصارت میں خرابی کا امکان کم ہو جاتا ہے۔ اس عینک کو ’’ونک گلاسز‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔

ابتدائی طور پر اس عینک کی قیمت 430 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ میسوناگا عینک ساز جاپانی ادارے نے اپنی تیار کردہ عینک کے بارے میں کہا ہے کہ اس کے استعمال سے کمپیوٹر پر کام کرنے والے لوگوں کو نظر کی کمزوری سے نجات مل جائے گی۔

انسانی آنکھ کی بیرونی پَرت کو Sclera کہتے ہیں۔ اس کے اوپر اور نیچے کی طرف پلکیں بہت باریک پٹھوں کی مدد سے مسلسل حرکت کرتی رہتی ہیں۔ پلکوں کا کام بالکل ویسا ہی ہے جیسا گاڑی کی ونڈ سکرین پر وائپرز کا۔ یہ پٹھے اپنی مسلسل حرکت کرتے رہتے ہیں۔ آنسو تیار کرنا ٹیئر گلینڈز کا کام ہے جو لگاتار ’’آنسو‘‘ تیار کرتے رہتے ہیں اور بغیر کسی وقفے کے انہیں ٹیئر ڈکٹ یا آنسو کی نالیوں کے ذریعے آنکھوں تک پہنچاتے ہیں۔ دونوں آنکھوں میں نیچے کی طرف ناک کے قریب باریک سوراخ دیکھے جا سکتے ہیں۔ یہ ٹیئر ڈکٹ کا وہ سرا ہیں جہاں سے یہ آنسو پلکوں کو سونپے جاتے ہیں اور پلکیں اپنی مسلسل حرکت کے ذریعے یہ آنسو پوری آنکھ پر پھیلا کر اسے گیلا رکھتی ہیں۔

Computer Spiel Tetris
ویڈیو گیمز کھیلنے والے عموما گیم میں محو ہو کر پلکیں جھپکنا بھول جاتے ہیںتصویر: AP

اس عینک میں ایک خاص طرح کا شیشہ استعمال کیا گیا ہے۔ اسے پہننے والا اپنی پلکیں نہ جھپکے تو اس کے شیشوں پر دھند چھا جاتی ہے۔ اس دھند سے بچنے کے لئے ہر پانچ سیکنڈ کے اندر اندر آنکھ جھپکنی پڑتی ہے۔ اس عینک کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اگر 3سے5 سیکنڈ تک کسی چیز پر مسلسل نگاہیں مرکوز رکھی جائیں توبھی عینک کے شیشے پر دھند چھا جاتی ہے۔ یہ دھند اس وقت خودبخود ختم ہو جاتی ہے، جب آنکھ جھپک دی جائے۔ سو اسے پہننے والا شخص خود بخود آنکھ جھپکنے پر مجبور ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ مرد ہر 3 سیکنڈ بعد جب کہ خواتین ہر 4 سیکنڈ بعد آنکھ جھپکتی ہیں۔

جاپانی شہر فوکوئی سے تعلق رکھنے والی عینک ساز کمپنی میسوناگا کو پچھلے برس شہرت اس وقت ملی، جب امریکی نائب صدارتی امیدوار سارا پیلین بین الاقوامی میڈیا پر نظر آئیں۔ یہ کمپنی سارا پیلین کے لئے عینکیں ڈیزائن کرتی ہے۔

رپورٹ عاطف توقیر

ادارت گوہز نذیر