1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پناہی کی رہائی کے لئے شپیل برگ بھی کوشاں

2 مئی 2010

ہالی وُڈ کے معروف ہدایت کار اسٹیون شپیل برگ اور مارٹن اسکورسیسی نے ایرانی ڈائریکٹر جعفر پناہی کی رہائی کے لئے ایک درخواست پر دستخط کئے ہیں۔ یوں پناہی کی رہائی کے لئے سرگرم ہالی وُڈ کی شخصیات کا گروپ مزید مضبوط ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/NCQN
ہدایت کار اسٹیون شپیل برگتصویر: dpa
Offside iranischer Regisseur Jafar Panahi Berlinale 2006 ausgezeichnet mit dem Silbernen Bären
ایرانی ڈائریکٹر جعفر پناہیتصویر: AP

جعفر پناہی کی رہائی کی اس پٹیشن پر ہالی وُڈ کے اداکار رابرٹ ڈی نیرو، رابرٹ ریڈفورڈ، فرانسس فورڈ کاپولا، جوئیل کوین، ایتھن کوین، آنگ لی، مائیکل مور اور اولیور اسٹون پہلے ہی دستخط کر چکے ہیں۔

اس درخواست میں تہران حکام پر پناہی کی رہائی کے لئے زور دیا گیا ہے۔ انہیں یکم مارچ کو سیکیورٹی فورسز نے ان کے گھر پر چھاپہ مار کر حراست میں لے لیا تھا۔

یہ پیٹیشن فلموں کی خبریں جاری کرنے والی متعدد ویب سائٹس پر جاری کی گئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے: ’ہم اپنے ساتھی فلمساز کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، انہیں حراست میں لئے جانے کی مذمت کرتے ہیں، اور ایرانی حکومت پر زور دیتے ہیں کہ وہ پناہی کو فوری طور پر رہا کرے۔‘

اس درخواست میں مزید کہا گیا ہے: ’بین الاقوامی فلمی صنعت میں ایران نے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس نے بیرونی دنیا میں ہماری طرح بے شمار لوگوں کے دلوں میں ایرانی عوام کے لئے قدر کا جذبہ پیدا کیا ہے۔ دنیا بھر کے فنکاروں کی طرح، ایران کے فلمسازوں کو بھی سسنر کئے جانے، دبائے جانے اور قید کرنے کے بجائے سراہا جانا چاہئے۔‘

Robert de Niro in Kap der Angst
ہالی وُڈ کے اداکار رابرٹ ڈی نیروتصویر: picture-alliance /dpa

انچاس سالہ پناہی نے اپنی فلموں میں معاشرے کی دکھتی رگوں پر ہاتھ رکھا ہے اور انہیں اسی جرأت کے لئے جانا جاتا ہے۔ ان کی ایسی ہی ایک فلم ’دی سرکل‘ کو 2000ء میں وینس گولڈن لائن ایوارڈ دیا گیا تھا۔ 2006ء میں ان کی فلموں ’آف سائیڈ‘ اور ’کرمزن گولڈ‘ کو برلن فلم فیسٹیول میں سلور بیئر ایوارڈ بھی دیا گیا۔

رواں برس فروری میں ایرانی حکام نے پناہی کے ملک چھوڑنے پر پابندی لگا دی تھی، جس کے باعث وہ برلن فلم فیسٹیول میں بھی شرکت نہ کرسکے تھے۔ گزشتہ ماہ ایرانی وزیر ثقافت نے کہا تھا کہ پناہی کو حکومت مخالف فلم بنانے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: مقبول ملک