1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پنجاب میں ٹریفک حادثہ، 19 افراد ہلاک

عدنان اسحاق13 اپریل 2016

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں بس اور ٹرک کے مابین ہونے والے تصادم میں انیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے رونما ہوا۔

https://p.dw.com/p/1IUL2
تصویر: DW

مقامی پولیس افسر افضال احمد کھوسہ نے بتایا کہ جھنگ روڈ پر یہ حادثہ ٹھیرکری والا کے قریب پیش آیا۔ ان کے بقول بس فیصل آباد سے لیہ جا رہی تھی کہ سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں۔ اس حادثے کے بعد دونوں گاڑیاں بری طرح تباہ ہو گئیں اور زخمی مسافروں کو بس کے کچھ حصے کاٹ کر باہر نکالا گیا۔

حکام نے بتایا کہ اس واقعے میں پندرہ افراد زخمی ہیں، جنہیں فیصل آباد کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ الائیڈ ہسپتال فیصل آباد کے ڈاکٹر نعیم ہاشمی کے مطابق دو زخمی مردوں کی حالت نازک ہے۔ پولیس افسر کھوسہ نے مزید بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ حادثہ تیز رفتاری اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کی وجہ سے پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ حادثے کے بعد بس ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

پاکستان کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی صورتحال انتہائی خراب ہے اور بیشتر علاقوں میں ٹریفک کے قوانین پر بھی عمل نہیں کیا جاتا۔ اس کے علاوہ گاڑیوں کی حالت پر بھی بہت زیادہ توجہ نہیں دی جاتی اور ساتھ ہی لاپرواہ ڈرائیونگ بڑے بڑے حادثات کی وجہ بنتی ہے۔ گزشتہ برس حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2013ء میں تقریباً چار ہزار چھ سو افراد مختلف ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوئے تھے۔