1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پوج ڈیمونٹ نے بیلجیم پولیس کو گرفتاری دے دی

افسر اعوان خبر رساں ادارے
5 نومبر 2017

ہسپانوی علاقے کاتالونیا کے برطرف صدر کارلیس پوج ڈیمونٹ نے اپنے چار ساتھیوں سمیت خود کو بیلجیم کی پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ اس سے قبل اسپین نے ان کی گرفتاری کے لیے یورپی وارنٹ جاری کیے تھے۔

https://p.dw.com/p/2n3xA
تصویر: picture-alliance/ZUMAPRESS.com/R. Costa

پوج ڈیمونٹ اور ان کی سابق حکومت میں شامل چار وزراء  جو اس وقت بیلجیم میں ہیں، آج اتوار کی شام عدالت میں پیش ہوں گے اور عدالت یہ فیصلہ کرے گی کہ انہیں رہا کر دیا جائے، یا زیرحراست ہی رکھا جائے۔ کاتالونیا کے ان پانچوں علیحدگی پسند رہنماؤں کو اب اسپین میں بغاوت کے مقدمے کا سامنا ہے۔

یہ بات اہم ہے کہ ایک متنازعہ ریفرنڈم کے بعد کاتالونیا کی علاقائی پارلیمان کی جانب سے آزادی کے مبہم اعلان پر میڈرڈ حکومت نے اس کی نیم خودمختار حیثیت ختم کرتے ہوئے انتظامی اختیارات اپنے ہاتھ میں لے لیے تھے۔

میڈرڈ حکومت کی جانب سے کاتالونیا کی نیم خودمختار حیثیت کا خاتمہ کرتے ہوئے اس پر براہ راست حکومت کرنے کے فیصلے کے بعد پیر 30 نومبر کو پوج ڈیمونٹ اور ان کے ساتھی بیلجیم چلے گئے تھے۔

بیلجیم کے دفتر استغاثہ نے پوج ڈیمونٹ ان کے ساتھیوں کو حراست میں لیے جانے کے حوالے سے ایک بیان میں کہا، ’’انہیں صبح نو بجکر 17 منٹ پر ان کی آزادی سے محروم کر دیا گیا۔‘‘ استغاثہ کے ترجمان کے مطابق، ’’ہم ان پانچ لوگوں کے وکلاء کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے اور انہوں نے پولیس اسٹیشن آنے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔‘‘ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’’انہوں نے اپنے وعدے پر عمل کیا۔‘‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آج اتوار کی شام صرف ان پانچ افراد، ان کے وکلاء اور مترجم عدالتی پیشی میں حاضر ہوں گے۔

پوج ڈیمونٹ اور ان کے چار ساتھیوں کو اسپین کی عدالت کی طرف سے حکم دیا گیا تھا کہ وہ بغاوت، سرکشی اور عوامی پیسے کے ناجائز استعمال کے الزامات کا سامنا کرنے کے لیے عدالت میں پیش ہوں۔ اس میں ناکامی کے بعد اسپین نے جمعہ تین نومبر کو  ان علیحدگی پسند رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے تھے۔

Spanien Staatsanwaltschaft erhebt Anklage gegen Puigdemont
پیر 30 نومبر کو پوج ڈیمونٹ اور ان کے ساتھی بیلجیم چلے گئے تھےتصویر: picture alliance/Sputnik/dpa/J. Boixareu

جمعرات دو نومبر کو میڈرڈ کی ایک عدالت کے جج نے پوج ڈیمونٹ کے نائب اور کاتالونیا کی حکومت کے سات سابق وزراء کو حراست میں لینے کا حکم دیا تھا۔ اس کی وجہ ان افراد کے ملک سے فرار ہونے کا خطرہ بتایا گیا تھا۔

’کاتالونیا اسپین کا حصہ ہی ہے‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید