1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پورشے اور فولکس واگن میں اشتراک

رپورٹ: احمد ولی اچکزئی، ادارت: مقبول ملک7 مئی 2009

جرمنی کی دو اہم ترين کارساز کمپنيوں پورشے اور فولکس واگن کے مالکان اس بات پر متفق ہوگئے ہيں کہ ان دونوں اداروں کو اکھٹا کرکے ايک نئی، اور بھی بڑی کارساز کمپنی کا سنگ بنياد رکھا جائے۔

https://p.dw.com/p/HlPs
پورشے ہولڈنگ اور فولکس واگن نے يہ اعلان کرديا کہ وہ اشتراک پر متفق ہوگئے ہيںتصویر: picture-alliance/ dpa

جب سن 2007 ميں پورشے ہولڈنگ کا قيام عمل ميں آيا تو اُس وقت يہ ادارہ پورشے کارپوريشن کے 100 فيصد اور فولکس واگن کے 30,9 فيصد حصص کا مالک تھا۔ اپنے قيام کے صرف دو سال بعد ہی پورشے ہولڈنگ نے فولکس واگن کے تقريبات 50 فيصد حصص خريد لئے۔ ماہرين ايسی پيش گوئياں کرنے لگے کہ پورشے ہولڈنگ عنقريب ہی فولکس واگن کوخريد لے گی۔

VW Käfer
فولکس واگن بیٹلز دنیا کی مشہور ترین گاڑیوں میں سے ایک ہےتصویر: AP

فولکس واگن کا صدر دفتر جرمن شہر وولفس بُرگ ميں ہے۔ دنيا بھر ميں اس کمپنی کے کارکنوں کی تعداد تين لاکھ 70 ہزار بنتی ہے اور فولکس واگن يور پ کا سب سے بڑا کار ساز ادارہ بھی ہے۔ ليکن فولکس واگن کے پچاس فيصد حصص خريدنے کے لئے بھی پورشے ہولڈنگ کواتنی رقوم خرچ کرنا پڑی تھيں کہ اب اس کے ذمے قرضوں کی ماليت نو بلين يورو تک پہنچ چکی ہے۔ عالمی اقتصادی بحران بھی ايک اہم وجہ تھی کہ پورشے ہولڈنگ کا فولکس واگن کو مکمل طور پر خريد سکنا بھی خارج از امکان ہوگيا تھا۔

پھر کل بدھ کے دن پورشے ہولڈنگ اور فولکس واگن نے يہ اعلان کرديا کہ وہ ايک ايسی نئی کمپنی کے قيام پر متفق ہوگئے ہيں جس ميں پورشے اور فولکس واگن سميت، فولکس واگن کی ملکيت آٹھ ديگرکارساز ادارے بھی شامل ہوں گے۔ اعلان کے مطابق مستقبل ميں بھی پورشےاور فولکس واگن سميت يہ تمام دس موٹر ساز کمپنياں خودمختار طور پر کام کرتی رہيں گی جن کی اعلیٰ ترين سطح پر نگرانی نئی مشترکہ کمپنی کرے گی۔

Volkswagen & Porsche
نئی کمپنی کے ڈھانچے اور اُس کے آئندہ سربراہان کی نامزدگی سے متعلق تفصيلات ابھی طے نہيں ہوئيںتصویر: AP

آسٹريا کے شہر زالسبرگ ميں پورشے خاندان اور فولکس واگن کے سربراہ Piech کے اعلان کردہ اتقاق رائے کے مطابق نئی کمپنی کے ڈھانچے اور اُس کے آئندہ سربراہان کی نامزدگی سے متعلق تفصيلات ابھی طے نہيں ہوئيں۔ يورپ ميں کارسازی کی صنعت کے ايک ماہر پروفيسر Willi Diez اس بارے ميں کہتے ہيں کہ فولکس واگن اور پورشے کے ملاپ کا مطلب يہ ہےکہ اب ايک نئے انتظامی ڈھانچے کی ضرورت ہے اور اس کے لئے اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دینے والی شخصيات ميں تبديلی ہوگی اور بہت سے اعلیٰ عہدے نئے سرے سے تقسيم کئے جائيں گے۔

پورشے اور فولکس واگن کے ادغام سے وجود ميں آنے والی نئی کمپنی ميں خلیجی رياست قطر کی جانب سے سرمايہ گزاری پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا ہے تاہم اسے خارج از امکان بھی قرار نہيں ديا گيا ہے۔

جرمنی ميں مہنگی سپورٹس کاريں تيار کرنے والے ادارے پورشے اور يورپ کی سب سے بڑی کار ساز کمپنی فولکس واگن کے ادغام کے لئے جرمن صوبے باڈن ورٹیمبيرگ کی حکومت کی اجازت بھی ضروری ہوگی کيونکہ فولکس واگن کے مالکان ميں يہ صوبہ بھی شامل ہے۔ ليکن يہ منظوری اس لئے مشکل نہيں ہوگی کيونکہ باڈن ورٹيمبيرگ کے وزيراعلیٰ Günther Oettinger پہلے سے ہی اس ممکنہ صنعتی ادغام کو خوش آئين قرار دے چکے ہيں۔