1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پولیس ہیڈکوارٹرز سے لاکھوں یورو اور دو کلو سونا چوری

مقبول ملک4 اپریل 2016

یورپی یونین کے رکن ملک کروشیا کی پولیس چوری کے ایک ایسے واقعے کی چھان بین کر رہی ہے، جس میں چوروں نے کروشیائی پولیس کے ہیڈکوارٹرز سے لاکھوں یورو کی نقد رقم کے علاوہ قریب دوکلوگرام سونا بھی چرا لیا۔

https://p.dw.com/p/1IP61
Symbolbild Geldwäsche
تصویر: imago/imagebroker/begsteiger

کروشیا کے دارالحکومت زغرب سے پیر چار اپریل کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق اس نقب زنی کے دوران نامعلوم چور نقدی کی صورت میں دو لاکھ 80 ہزار یورو (قریب تین لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالر) کے علاوہ دو کلوگرام (4.4 پاؤنڈ) سونا بھی چرا لے گئے۔

ملکی پولیس کے میڈیا آفس کی ایک خاتون افسر ہیلینا بیئوچچ نے آج یہ تصدیق تو کر دی کہ کروآٹ پولیس کو اپنے ہی صدر دفاتر میں نقب زنی کی ایک بڑی واردات کا سامنا ہے تاہم انہوں نے اس بارے میں کوئی بھی تفصیلات بتانے سے انکار کر دیا۔

زغرب میں پولیس کے میڈیا آفس کی طرف سے تصدیق سے قبل آج پیر ہی کے روز Jutarnji List نامی ایک کروآٹ روزنامے نے اپنی ایک رپورٹ میں نہ صرف اس نقب زنی کی اطلاع دی تھی بلکہ یہ بھی لکھا تھا کہ چور جاتے وقت کیا کچھ ساتھ لے گئے۔

اس رپورٹ کے مطابق یہ چوری کروشیائی پولیس کے ہیڈکوارٹرز میں منظم جرائم کی روک تھام کے شعبے کے سربراہ زَیلکو دولاکی کے دفتر سے کی گئی، جس کے لیے چور، جن کی ممکنہ تعداد کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا، آتشزدگی کی صورت میں ہنگامی انخلا کے لیے استعمال ہونے والی سیڑھیوں کے راستے پولیس چیف دولاکی کے دفتر تک پہنچے تھے۔

اخبار کے مطابق چوری کی یہ واردات اتوار تین اپریل اور پیر چار اپریل کی درمیانی شب کی گئی۔ پولیس کو اس واردات کا علم تب ہوا جب پیر کے روز دفتر کھلنے پر حکام نے اس دفتر میں رکھی گئی سیف کو کھلا پایا۔ اس سیف کو زمین پر الٹا دیا گیا تھا اور وہ خالی تھی۔