1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پولینڈ: سٹاربکس کافی، ایک نئے دورکا آغاز

عابد حسین10 اپریل 2009

مشرقی یورپی ملکوں میں کمیونسٹ حکومتوں کے زوال کے بعد امریکی اشیاء کا جنون محسوس کیا جاتا ہے۔ اب پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں سٹاربکس کی کافی شاپس کھلنا شروع ہو گئیں ہیں۔ جس کی خاصی پذیرائی جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/HUaJ
سٹار بکس کافی کا نشانتصویر: AP

عالمی سطح پر میکڈونلڈ اورسٹاربکس کافی کو امریکی کلچر کا نشان قرار دیا جاتا ہے۔ مشرقی یورپ میں کمیونسٹ دور کے دوران انہیں امریکی استعماریت کا حوالہ دے کر مسترد کر دیا جاتا تھا۔ امریکی امپریلئزم کے اِن نشانات کو زوال شدہ کمیونسٹ معاشرے میں شجرہ ممنوعہ کے طور پر بھی دیکھا جاتا تھا۔ مگر سوویت یونین کے خاتمے کے بعد صورت حال ہی یکسر بدل کر رہ گئی ہے۔ مشرقی یورپ کے ملکوں کے تقریباً تمام بڑے شہروں میں میکڈونلڈ کی آمد تو بہت پہلے ہی ہو چکی تھی لیکن اب کافی مشروب پیش کرنے والے سٹار بکس کی آمد آمد ہے۔

پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں کئی مقامات پر ان شاپس کے جا بجا لگے پرسٹروں پرجہاں کچھ شہریوں کو شکایت ہے وہیں وارسا کے باسیوں کا کہنا ہے کہ کافی پیش کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے ادارے کی دکانیں کھلنے سے اُن کے شہر کے وقار میں اضافہ ہوا ہے اور شناخت میں عالمیت پیدا ہوئی ہے۔ کچھ نوجوانوں نے تو سٹار بکس کی آمد کو سابقہ دور کے مکمل ختم ہونے سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے شہر کے مکینوں کو سب کچھ حاصل ہو گیا ہے۔ پولینڈ کے نوجوانوں میں امریکی اشیاء کا جنون دکھائی دیتا ہے اور وہاں ہرچیز ساختہ امریکہ کے لیبل سے خریدنے میں تامل نہیں کیا جاتا۔

امریکی شہر سی ایٹل میں مقیم سٹار بکس کارپوریشن نے چیک جمہوریہ کے بعد پولینڈ وہ دوسرا مرکزی مشرقی یورپی ملک ہے جہاں اِس نے اپنی کافی شاپس کے علاوہ دوسری بیکری آئٹمز کو بھی پیش کیا ہے۔ چیک جمہوریہ میں سٹاربکس گزشتہ سال کھولی گئی تھی۔

Starbucks Becher
سٹار بکس کافی کا گلاس، ایک گاہک کے ہاتھ میںتصویر: AP

پولینڈ کے دارالحکومت میں سٹار بکس شاپ کھلنے کے وقت وہ ہیجانی اوربے چینی دیکھنے میں نہیں آئی تھی جو سن اُنیس سو بانوے میں میکڈونلڈ کے افتتاح کے موقع پر دیکھی گئی تھی۔

کہا جا رہا ہے کہ پولینڈ میں سٹار بکس کی آؤٹ لیٹ کھولنے کی وجہ وہاں کافی کا بڑھتا ہوا استعمال ہے۔ سن دو ہزار سات میں یہ اضافہ تیس فی صد بیان کیا گیا ہے۔ اِس کی مزید دکانیں اگلے مہینوں میں کہاں کھولی جائیں گی اس کی تفصیلات عام نہیں کی گئی ہیں۔ پولینڈ کے نوجوانوں میں سٹار بکس کی مقبولیت اپنی جگہ مگر بزرگ شہریوں نے اس میں دلچسپی کا اظہارنہیں کیا ہے۔