1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پولینڈ میں صدارتی انتخابات،کسی کو مطلوبہ اکثریت نہ ملی

21 جون 2010

عوامی جائزوں کےمطابق پولینڈ کے قبل از وقت صدارتی انتخابات میں کوئی بھی امیدوار مطلوبہ پچاس فیصد اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوا، جس کے نتیجے میں صدارتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ چار جولائی کو منعقد کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/NyA7
پارلیمانی اسپیکر اور نگران صدر برونسلاو کوموروسکیتصویر: AP

جائزوں کے مطابق سوک پلیٹ فارم پارٹی کے برونسلاو کوموروسکی نے اپنے مرکزی حریف یاروسلاو کاچنسکی پر برتری حاصل کی ہے۔ ایگزٹ پولز کے مطابق اعتدال پسند کوموروسکی نے 41.2 جبکہ قدامت پسند سابقہ وزیراعظم یاروسلاو کاچنسکی نے 35.8 فیصد ووٹ حاصل کئے۔

اب یہ یقینی نظرآ رہا ہے کہ چارجولائی کو دوسرے مرحلے کی ووٹنگ میں ان دونوں امیدواروں کا سامنا ہوگا۔

اتوار کو منعقد کئے گئے انتخابات میں کل دس امیدواروں نے حصہ لیا۔ پولش صدرلیخ کاچنسکی کے جڑواں بھائی یاروسلاو کے بارے میں پہلے ہی کہا جا رہا تھا کہ وہ کامیابی حاصل نہیں کر پائیں گے۔

Präsidentschaftswahl in Polen 2010 Jaroslaw Kaczynski
مرحوم سابقہ صدر لیخ کاچنسکی کے جڑواں بھائی یاروسلاو کاچنسکیتصویر: AP

اٹھاون سالہ کوموروسکی نے صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے وارسا میں اپنے حامیوں سے کہا: ’’فٹ بال اور دیگر کھیلوں کی طرح ، زندگی میں بھی ہمیں اضافی وقت دیا جاتا ہے، جو بسر کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے۔۔۔ اب آخری مرحلے میں کامیابی کے لئے ہمیں اپنی بھرپورتوانائی دکھانا ہو گی۔‘‘عوامی جائزوں کے مطابق کوموروسکی دوسرے مرحلے میں کامیابی حاصل کر لیں گے۔

دوسری طرف 61 سالہ کاچنسکی نے اپنے کیمپ پر زور دیا کہ وہ بھی دوسرے مرحلے میں کامیابی کے لئے اپنی بھرپور تیاری کریں۔ انہوں نے کہا: ’’یقین، جیت کے لئے ایک کُنجی ہے، ایک ایسا یقین جو جیت کے لئے ممکن بھی ہے اور ضروری بھی۔ ہم اپنے ملک کے لئے ضرور کامیابی حاصل کریں گے۔‘‘

عوامی جائزوں پر مبنی یہ اعداد وشمار TNS OBOP نے مقامی وقت کے مطابق شب آٹھ بجے جاری کئے۔ پولنگ کا وقت چھ بجے تک تھا۔ ان انتخابات کے حتمی نتائج منگل تک متوقع ہیں۔

ان اعدادوشمار کے مطابق صدارتی انتخابات کے اس مرحلے میں اعتدال پسند بائیں بازو کے ڈیموکریٹ Grzegorz Napieralski نے چودہ فیصد ووٹوں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس طرح دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کے لئے ان کا ووٹ بینک ایک اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ جائزوں کے مطابق ان کا دو تہائی ووٹ بینک کوموروسکی کی حمایت کرے گا۔ اس صورتحال میں پولش سیاسی ناقدین نے Napieralski کو ’کنگ میکر‘ قرار دیا ہے۔

Polen Präsidentenwahl
عوامی جائزوں کے مطابق کوموروسکی دوسرے مرحلے میں کامیابی حاصل کر لیں گےتصویر: AP

دیگرسات امیدواروں میں سے کوئی بھی صدارتی امیدوار تین فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ عوامی جائزوں کے مطابق ووٹ ڈالنے کی شرح 55 فیصد رہی۔

دس اپریل کو ایک طیارے کے حادثے میں صدر لیخ کاچنسکی کی اچانک موت کے بعد پولینڈ میں قبل از وقت صدارتی انتخابات منعقد کروائے گئے ہیں۔ اس طیارے کے حادثے میں لیخ کاچنسکی کی اہلیہ سمیت 95 اعلیٰ سول اور فوجی شخصیات بھی ہلاک ہوگئی تھیں۔ لیخ سن دو ہزار پانچ میں صدر منتخب کئے گئے تھے جبکہ یاروسلاو سن دو ہزار چھ اور سات کے دوران وزیراعظم کے عہدے پر فائز رہے۔ اس دوران جڑواں بھائیوں میں سیاسی اختلافات نمایاں رہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت:شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں