1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پکاسو کے ایک اور شاہکار کے لئے بھاری قیمت

24 جون 2010

بدھ 23 جون کو لندن کے نیلام گھر کرسٹیز میں ممتاز ہسپانوی مصور پبلو پکاسو کی ایک شاہکار پینٹنگ تقریباً 35 ملین پاؤنڈ (52 ملین ڈالر) کی بولی لگا کر خرید لی گئی۔ اتنی بڑی قیمت بھی نیلام گھر کی توقعات سے کچھ کم ہی رہی۔

https://p.dw.com/p/O1cI
تصویر: AP

اندازہ یہ لگایا گیا تھا کہ اِس پینٹنگ کے لئے 40 ملین پاؤنڈ تک کی بولی لگائی جائے گی۔ اِس تصویر کا ٹائٹل ہے،"The Absinthe drinker" یا ’’آنخیل فیرنانڈیس ڈے سوتو کا پورٹریٹ‘‘ اور یہ اِس مصور کے پیشہ ورانہ کیریئر کے ’بلُو پیریڈ‘ کہلانے والے دَور میں سن 1903ء میں تخلیق ہوئی تھی۔ اِس میں پکاسو کے ایک ہم عصر کو دکھایا گیا ہے، جس کے سامنے میز پر افسَنتين یعنی قیمتی فرانسیسی شراب کا ایک پیالہ پڑا ہے اور اُس کے ہاتھوں میں دبے پائپ میں سے دھواں اٹھ رہا ہے۔

یہ پینٹنگ برطانیہ کے مایہ ناز موسیقار اینڈریو لائیڈ ویبر کے قائم کردہ رفاہی ادارے کی جانب سے فروخت کی گئی۔ یہ فاؤنڈیشن برطانیہ میں فنونِ لطیفہ اور ثقافتی ورثے کے فروغ اور تحفظ کے لئے سرگرمِ عمل ہے اور اِس نے یہ پینٹنگ سن 1995ء میں نیویارک میں ہونے والی ایک نیلامی میں 29.2 ملین ڈالر میں خریدی تھی۔ بدھ کو برطانیہ میں اِس کے لئے بولی ٹیلی فون پر لگائی گئی۔ یہ پینٹنگ کس شخص یا ادارے نے خریدی ہے، یہ نہیں بتایا گیا۔

Die Seerosen von Claude Monet
1926ء میں چھیاسی برس کی عمر میں انتقال کر جانے والے فرانسیسی مصور کلوڈ مونے نے "Nympheas" نامی یہ شاہکار بیس ویں صدی کی دوسری دہائی میں تخلیق کیا تھاتصویر: AP

بدھ کی نیلامی میں پکاسو کی دو دیگر پینٹنگز بھی فروخت ہوئیں، "The Kiss" کے لئے 12.1 ملین پاؤنڈ جبکہ "La liseuse" کے لئے 5.6 ملین پاؤنڈ ادا کئے گئے۔ کئی ملین پاؤنڈز میں فروخت کی جانے والی دیگر پینٹنگز میں گُستاف کلمٹ، ونسینٹ فان گوخ اور آنری ماتیس جیسے نامور مصوروں کی تخلیقات بھی شامل تھیں۔

ان تمام تصاویر کی فروخت سے کرسٹیز نیلام گھر کو مجموعی طور پر 152.6 ملین پاؤنڈ کی آمدنی ہوئی، جو کہ برطانیہ میں آرٹ کے شاہکاروں کی نیلامی کے دوران ہونے والی آمدنی کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔ اِس سے پہلے یہ ریکارڈ 147 ملین پاؤنڈ کا تھا، جو اِسی برس فروری میں قائم ہوا تھا۔

تاہم مصوری کے شاہکاروں کے خریدار آج کل محتاط بھی ہو گئے ہیں، جس کا اندازہ اِس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اِسی نیلامی میں ممتاز مصور کلوڈ مونے کا سن 1906ء میں تخلیق ہونے والا مشہور فن پارہ "Nympheas" بھی فروخت کے لئے پیش کیا گیا لیکن اُسے کسی نے نہیں خریدا۔ اندازہ تھا کہ اِس کے لئے بھی تیس تا چالیس ملین پاؤنڈ کی بولی لگائی جائے گی۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: مقبول ملک