1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پھل انسانی صحت کے لیے بہت ضروری

23 ستمبر 2011

ریسرچرز اس بات پر کلی اتفاق رکھتے ہیں کہ تازہ پھل انسانی جسم کے لیے بہت ضروری ہیں اور ان سے بیماریوں کے خلاف قدرتی طور پر مدافعت پیدا ہوتی ہے۔

https://p.dw.com/p/12ewZ
تصویر: Fotolia/CandyBoxPhoto

انسانی غذا کے ماہرین کا خیال ہے کہ مختلف ملکوں میں رہنے والے لوگوں کے لیے اپنے ماحول اور مقام میں دستیاب پھلوں کا استعمال بہت مفید ہوتا ہے۔ اس سلسلے میں کسی خاص پھل کی طرف محققین نے توجہ نہیں دلائی بلکہ دستیابی کو انتہائی اہم قرار دیا ہے۔ تازہ پھل کھانے سے انسانی جسم میں ایسے ریشے پہنچتے ہیں جو نظام ہضم کو فعال بنانے کے علاوہ خون اور دیگر انسانی ضروریات کو بھی پورا کرتے ہیں۔

غذائی ماہرین کا خیال ہے کہ اگر ایک عام شخص اپنے ناشتے کے دوران دلیہ یا سیریل کے پیالے میں کیلے، آڑو یا خوبانی کو کاٹ کر شامل کرلے تو لذت کے ساتھ خوراک بہت زیادہ فائدہ مند اور قوت بخش بن جائے گی۔ اسی طرح پانی کے ساتھ ساتھ مالٹے یا سنگترے کا جوس بھی بہت فائدہ مند ہوتا ہے۔

اسی طرح خوراک و غذائیات کے ریسرچرز کا خیال ہے کہ دوپہر اور رات کے کھانے میں بھی فروٹ اور سبزیوں کا مناسب استعمال بہت صحتمندانہ رویے کا عکاس ہو سکتا ہے۔ رات کے کھانے میں انناس یا سنگترے کی قاشیں قلب اور دوسرے اندرونی اعضاء کے لیے تقویت کا باعث بن سکتی ہیں۔ اسی طرح اگر گوشت کے سالن کے ساتھ بھی آڑو یا آم کی چٹنی معدے میں گرانی اور گیس میں کمی کا سبب بن سکتی ہیں۔

Flash-Galerie Themen der Grünen Ernährung
تازہ پھل اور سبزیاں انسانی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتی ہیںتصویر: fotolia/sonne07

غذائی ماہرین کے نزدیک سبزیاں بھی انسانی صحت کے لیے بہت ضروری ہیں۔ ان میں کھیرا، گاجر، مولی، سلاد کے پتے اہم خیال کیے جاتے ہیں۔ ماہرین کے خیال میں عمر کے ایک خاص حصے میں زیادہ گوشت خوری مفید تو ہو سکتی ہے لیکن سرخ گوشت یقینی طور پر یورک ایسڈ کی سطح کو بلند کرنے کا باعث بنتا ہے اور اس باعث عمر کے کسی حصے میں بھی ہڈیوں یا جوڑوں میں درد پیدا ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔

ماہرین کے نزدیک مچھلی مفید ضرور ہے لیکن کئی انسانوں میں یہ الرجی کا باعث بھی بن سکتی ہے۔ اس مناسبت سے اعتدال کو اہم خیال کیا گیا ہے۔ جھینگے بھی طاقتور خوراک ہیں لیکن ان سے کولیسٹرول میں اضافے کا امکان بہرحال موجود ہے۔

غذائی ماہرین کے نزدیک تازہ پھل اور سبزیاں انسانی کی صحت کے لیے قدرت کا اہم تحفہ ہیں۔ ان کا استعمال کئی بیماریوں کے خلاف انسانی جسم میں دفاع کا سبب بنتا ہے۔ ان سے جسم کو کئی قسم کی وٹامن دستیاب ہوتے ہیں، جو ہڈیوں اور عضلات میں توانائی پیدا کرتے ہیں

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں