1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پہلا تجارتی قافلہ گوادر پہنچ گیا

12 نومبر 2016

چینی تجارتی سامان سے لدا ٹرکوں کا پہلا قافلہ پاکستانی صوبہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر پہنچ گیا ہے۔ چینی تعاون سے تعمیر کی گئی گوادر کی گہرے پانی کی بندرگاہ کا باقاعدہ افتتاح اتوار 13 نومبر کو کیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/2SbiO
Pakistan Hafen Gwadar
تصویر: picture-alliance/dpa

پاکستانی میڈیا کے مطابق پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کے ذریعے گوادر پہنچنے والے قافلے میں 60 کنٹینر شامل ہیں۔ یہ قافلہ کاشغر سے اس کوریڈور کے مغربی روٹ سے سفر کرتا ہوا پہلا کوئٹہ پہنچا اور پھر وہاں سے گوادر۔ 100 کنٹینرز پر مشتمل ٹرکوں کا دوسرا قافلہ آج ہفتہ 12 اکتوبر کو گوادر پہنچ رہا ہے۔

دوسری طرف ایک چینی بحری جہاز بھی گوادر پورٹ پر لنگر انداز ہو گیا ہے۔ پاکستانی حکام کی طرف سے اس جہاز کے لنگر انداز ہونے کی تصدیق کے ساتھ ساتھ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے میں ایک اور چینی بحری جہاز بھی گوادر پورٹ پہنچ رہا ہے۔

Hafen von Gwadar Pakistan
تصویر: BEHRAM BALOCH/AFP/Getty Images

وائس آف گوادر نامی ٹوئیٹر ہینڈل سے گوادر پورٹ پر لنگر انداز ہونے والے چینی بحری جہاز کی تصویر بھی ٹوئیٹر پر جاری گئی ہے۔

گوادر سے بین الاقوامی تجارتی سرگرمیوں کے باقاعدہ آغاز کے لیے ایک خصوصی تقریب کل اتوار 13 نومبر کو گوادر پورٹ پر منعقد کی جائے گی اور اس پورٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔ اس خصوصی تقریب میں پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کے علاوہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف، بلوچستان کے گورنر اور وزیر اعلیٰ بھی شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ چینی حکام بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔

افتتاحی تقریب کے بعد چین سے آنے والے تجارتی سامان کو بحری جہازوں کے ذریعے مشرق وُسطیٰ اور افریقی ممالک روانہ کیا جائے گا۔