1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پہلا سیمی فائنل: انگلینڈ 257 رنز پر آوٴٹ

2 اکتوبر 2009

چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کے سامنے جیت کے لئے 258رنز کاہدف رکھا ہے۔ انگلینڈ کی طرف سے ٹم برسبین نے 80 رنز بنائے۔

https://p.dw.com/p/Jwcs
تصویر: AP

انگلینڈ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان جنوبی افریقی شہر سینچوریئن میں کھیلے جا رہے اس میچ میں انگلش بلے باز ایک اچھی پچ پر آسٹریلوی بولرز پر حاوی ہونے میں ناکام رہے۔

انگلینڈ کے کپتان اینڈریو سٹراس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جو صحیح ثابت ہوتا نہیں دکھائی دے رہا ہے۔ ٹیم انگلینڈ کے پہلے دو بیٹسمین، کپتان اینڈریو سٹراس اور اُویس شاہ، محض سولہ کے مجموعی سکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔

پال کالنگ وُوڈ نے اننگز کو تھوڑا سنبھالا لیکن وہ بھی زیادہ دیر کریز پر ٹھہرنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔ اکہتر کے مجموعی سکور پر تین، اکیانوے پر چار، ایک سو رنز پر پانچ جبکہ ایک سو پانچ رنز پر چھہ انگلش بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس کے بعد ٹم بریسنن اور لیوک رائٹ نے اننگز کو سنبھالنے کی بھرپور کوشش کی۔ بریسنن نے شاندار اسی رنز جبکہ رائٹ نے اڑتالیس رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلش اوپنر جو ڈینلی نے چھتیس اور پال کالنگ وُوڈ نے چونتیسں رنز بنائے، ان دو بلے بازوں نے اچھے آغاز کے باوجود اپنی وکٹیں گنوا دیں۔

آسٹریلیا کی طرف سے پیٹر سڈل نے تین جبکہ بریٹ لی اور شین واٹسن نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل ہفتہ کے روز جوہانسبرگ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کل کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: امجد علی