1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو ہرا دیا

16 مئی 2011

گیانا میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو چالیس رنز سے شکست دے دی ہے ۔ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیرن سیمی نے پانچ وکٹیں حاصل کیں اور انہیں ہی مین آف دی میچ قراردیا گیا۔

https://p.dw.com/p/11GYm
تصویر: AP

کپتان سیمی کا کہنا تھا، ’میں بہت خوش ہوں۔ ٹیم کو ایسی ہی پرفارمنس کی ضرورت تھی۔ یہ پوری ٹیم کی کوشش سے ممکن ہوا ہے کہ ہم جیت سکے ہیں۔‘

دوسو انیس رنز کےتعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم ایک سو اٹھہتر رنز بناسکی۔ اتوار کو پاکستان کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی اسد شفیق تھے جنہوں نے بیالیس رنز بنائے۔ اس کے بعد کپتان مصباح الحق باون، سلمان صفر، رحمان چھ، عمر گل ایک جبکہ عمر اکمل سینتالیس کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ آخری دن کے میچ میں کوئی بھی پاکستانی بیٹسمین نمایاں کارکردگی کامظاہرہ نہیں کرسکا۔

Flash-Galerie Cricket Spieler Pakistan Umar Gul
آخری دن کے میچ میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی نمایاں کارکردگی کامظاہرہ نہیں کرسکاتصویر: APImages

ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پاکستان نے اپنی نامکمل اننگز اسّی رنز اور تین کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی تو فتح کیلئے پاکستان کو مزید ایک سو انتالیس اور ویسٹ انڈیز کو سات وکٹیں درکار تھیں۔ اسد شفیق چالیس اور کپتان مصباح الحق چونتیس رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

روی رامپال نے اسد شفیق کو بولڈ کرکے ویسٹ انڈیز کو اہم کامیابی دلائی۔ روی رامپال نے 48 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیرن سیمی نے مصباح الحق کو باون اور محمدسلمان کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔کھانے کے وقفے پر ایک سو ترپن رنز پر پاکستان کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئےتھے۔ کھانے کےوقفے کےبعد پاکستان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم ایک سو اٹھہتر رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ گیانا ٹیسٹ کی خاص بات اس میں 20 کھلاڑیوں کے ایل بی ڈبلیو ہونے کا عالمی ریکارڈ قائم ہونا ہے۔ پاکستان کی ٹیم میں مصباح الحق، عمر اکمل، اظہر علی، محمد حفیظ، توفیق عمر، سعید اجمل، اسد شفیق، محمد سلیمان، عبدالرحمان، عمر گل اور وہاب ریاض کھیل رہے ہیں۔

پاکستانی ٹیم نے چھ مرتبہ ویسٹ انڈیز کا دورہ کیا ہے۔ اس دوران پاکستان کو چار مرتبہ ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا جبکہ دو مرتبہ ٹیسٹ سیریز برابر رہیں۔ تاہم اپنی سرزمین اور نیوٹرل مقامات پر کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں