1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پیرس: بھارتی اداکارہ ملائکہ شراوت پر حملہ

صائمہ حیدر
17 نومبر 2016

فرانسیسی پولیس کا کہنا ہے کہ معروف بھارتی اداکارہ ملائکہ شراوت پر پیرس میں چند نقاب پوشوں نے  آنسو گیس کا اسپرے کیا اور اُن کے چہرے پر گھونسہ مارا ہے۔ یہ واقعہ پیرس کی ایک سپر مارکیٹ میں پیش آیا۔

https://p.dw.com/p/2Sr4n
Screenshot Twitter Mallika Sherawat
تصویر: twitter.com/mallikasherawat

پیرس میں پولیس کا کہنا ہے کہ چالیس سالہ بولی ووڈ اداکارہ ملائکہ شراوت اور اُن کے دوست پر تین نقاب پوشوں نے حملہ کیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور شراوت کا پرس چھیننا چاہتے تھے۔ یہ واقعہ رواں ماہ کی 11 تاریخ کو پیش آیا۔

 جوڑے نے پولیس کو دیے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حملہ آور پیرس میں اُن کے رہائشی اپارٹمنٹ کی عمارت کی لابی میں گھات لگا کر بیٹھے تھے۔ بھارتی اداکارہ پر حملے کا یہ واقعہ ا مریکی رائیلٹی شو اسٹار کِم کارداشیان پر پیرس میں ہوئے حملے کے چند ہفتوں بعد پیش آیا ہے۔ کِم کارداشیان پر پیرس میں ماسک پہنے ہوئے ایک گروہ نے حملہ کر کے قریب 9.3 ملین یورو مالیت کے زیورات چھین لیے تھے۔

 تفتیش کاروں کا تاہم کہنا ہے کہ وہ پریشان ہیں کہ اگرچہ نقاب پوش افراد نے شراوت کا پرس چھیننے کی کوشش کی لیکن وہ خالی ہاتھ کیوں بھاگ گئے۔ تفتیش کاروں کے ذرائع نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو  بیان دیتے ہوئے کہا ، ’’ ہم حیران ہیں کہ حملہ آور کوئی چیز چھینے بغیر کیوں فرار ہو گئے۔ ‘‘

شروات جِن کا اصل نام  ریما لامبھا ہے، نے سن دو ہزار چار میں قدامت پسند بھارتی فلم صنعت میں ایک ایسی فلم کے ذریعے قدم رکھا تھا جس میں بھارتی معاشرے میں جنس کے حوالے سے پابندیوں پر بات کی گئی تھی۔ شراوت نے بھارتی فلم ’مرڈر‘ میں اپنے کردار سے بے پناہ شہرت حاصل کی تھی۔

 ملائکہ شراوت خواتین کے حقوق کے لیے سر گرم عمل کارکن بھی ہیں اور بھارتی معاشرے میں خواتین کے مقام پر اپنے متنازعہ تبصرے کے باعث زیرِ بحث رہی ہیں۔