1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پی آئی اے اب جرمنی سے پرواز کرے گی

بینش جاوید7 ستمبر 2016

پاکستان کی قومی ایئر لائن اب جرمن شہر لائپزگ سے مسافروں کو پاکستان پہنچائے گی۔ پی آئی اے کی فلائٹس ہفتے میں دو مرتبہ اب سپین کے شہر بارسلونا سے بھی پروازیں کریں گی۔

https://p.dw.com/p/1Jx4v
Pakistan Fluggesellschaft PIA Premier
تصویر: PIA

پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی نے ڈی ڈبلیو سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پی آئی اے کی انتظامیہ جرمن شہر لائپزگ کی ایئرپورٹ کے حکام سے بات چیت کر رہی ہے اور توقع ہے کہ سن 2017 کے آغاز سے جرمنی سے پاکستان کے لیے پروازوں کا سلسلہ دوبارہ سے شروع ہو جائے گا۔

دانیال گیلانی کے مطابق پی آئی اے کی نیورک جانے والی پرواز لندن کے شہر مانچسٹر میں رکتی ہوئی نیویارک پرواز کرتی تھی لیکن اب یہ فلائٹ لائپزگ میں سٹاپ اوور کرتے ہوئے نیو یارک جائے گی۔ اسی طرح جرمنی کے لائپزگ ایئرپورٹ سے مسافر پاکستان بھی جا سکیں گے۔ توقع ہے کہ جرمنی سے ہر ہفتے پاکستان کے لیے دو پروازیں روانہ ہوا کریں گی۔ دانیال گیلانی نے ڈی ڈبلیو کو بتایا،’’جرمنی نے پی آئی اے کو ’ففتھ فریڈم رائٹس‘ دیے ہوئے ہیں جس کے تحت اب مسافروں کے علاوہ ہم کارگو سامان بھی اپنی فلائٹس کے ذریعے لے جا سکیں گے۔‘‘

Pakistan Fluggesellschaft PIA Premier
تصویر: PIA

پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ ماضی میں پی آئی اے کی پروازیں اسپین کے شہر بارسلونا سے اڑتی تھیں لیکن پھر یہ سلسلہ بند کر دیا گیا تھا۔ اب اس برس کے کے اختتام سے قبل پروازوں کا یہ سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع ہو جائے گا۔

دانیال گیلانی کا کہنا ہے کہ یورپ ایک اہم خطہ ہے یہاں بہت سے پاکستانی رہائش پذیر ہیں اور تاجر بھی باقاعدگی سے یورپ کے مختلف ممالک میں سفر کرتے ہیں اس لیے یورپ کے مختلف ممالک سے پی آئی ای کی پروازوں کا آغاز کرنا اہم ہے۔ واضح رہے کہ پی آئی اے کے نئے سی ای او کا تعلق جرمنی سے ہے۔ وہ لفتھانزا ایئر لائن میں 40 برس کام کرچکے ہیں۔