1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پی ایس ایل: اسلام آباد یونائیٹڈ پلے آف میں

عاصمہ کنڈی
25 فروری 2017

پاکستان سپرلیگ دلچسپی کے اعتبار سے اب اپنے جوبن پر پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ برس کے چمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور رنرز اپ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا گیا میچ ایونٹ کا سب سے حیرت انگیز مقابلہ ثابت ہوا۔

https://p.dw.com/p/2YEuA
Pakistan Super League PSL
کیون پیٹرسن اور احمد شہزاد کے درمیان اس سیزن کی سب سے بڑی یعنی 133 رنز کی پارٹنر شپ بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست سے نہ بچا سکیتصویر: PCB/PSL

پی ایس ایل سیزن ٹو کے سلسلے میں جمعہ 24 فروری کی شب کھیلے گئے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ایک رن کی ناقابل یقین شکست نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پلے آف میں پہنچا دیا ہے۔ یہ اس ٹورنامنٹ کا 17 میچ تھا۔ ایک مرحلے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 18 گیندوں میں 17رنز کی ضرورت تھی لیکن کیون پیٹرسن اور احمد شہزاد کے درمیان اس سیزن کی سب سے بڑی یعنی 133 رنز کی پارٹنر شپ بھی گلیڈی ایٹرز کو لکیر کے پار نہ پہنچا سکی۔ دونوں کا یکے بعد دیگر دو گیندوں پر آؤٹ ہونا میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا اور یوں گلیڈی ایٹرز نے ایک جیتا ہوا میچ طشتری میں رکھ کر مصباح اینڈ کمپنی کو پیش کر دیا۔

’اسپن‘ بمقابلہ ’پیس‘ اور سمیع کی سالگرہ کا جشن

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے دررمیان پی ایس ایل سیزن ون کا افتتاحی اور فائنل میچ بھی کھیلا گیا تھا جس کے بعد سے دونوں ٹیموں میں رشک و رقابت دیکھنے میں چلے آ رہے ہیں۔ جمعہ کی شب کھیلے گئے میچ میں سرفراز احمد کا انحصار ہمیشہ کی طرح اپنے اسپنرز پر تھا انہوں نے تین لیفٹ آرم سلو باؤلرز ذوالفقار بابر، حسن خان اور محمد نواز کو ٹیم میں جگہ دی جبکہ یونائیٹد کی کامیابیاں رات بھی ماضی کی طرح ان کے فاسٹ باؤلرز محمد سمیع اور رومان رئیس کی مرہون منت رہیں۔ اس میچ کا آخری اوور محمد سمیع نے جب شروع کیا تو کسی کو امید نہ تھی کہ کہ وہ کوئٹہ کو درکار پانچ رنز نہیں بننے دیں گے۔ لیکن گلیڈی ایٹرز کی طرف سے انور علی کو تیسارا پریرا سے پہلے بھیجنے کا فیصلہ سمیع کو خوب راس آیا اور انہوں نے پہلی دو گیندوں پر انہیں بیٹ کر کے سسنی پھیلا دی۔ سمیع کی آخری گیند پر حال ہی میں جنوبی افریقہ سے بغاوت کر کے ہمپشائر کاؤنٹی سے معاہدہ کرنے والے رائلی روسو، درکار تین میں سے صرف ایک رن بنا سکے اور اس طرح محمد سمیع نے اپنی 36ویں سالگرہ کا جشن دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں اپنی ٹیم کو حیرت انگیز کامیابی دلا کر منایا۔ انہیں ٹورنامنٹ میں دوسری بار مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

طلسماتی طلعت کا جلوہ اور یونائیٹد کے چھوٹے میاں

سیزن شروع ہونے سے پہلے ایک ٹی وی مبصر نے کہا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ بوڑھوں کی ٹیم ہے اور اس بار وہ کچھ نہیں کر پائے گی لیکن ٹورنامنٹ میں محمد سمیع، شین واٹسن اورڈیوائن اسمتھ جیسے بڑی عمر کے کھلاڑیوں کے ساتھ بیس سالہ لیگ اسپن آل رانڈر شاداب خان بھی پیش پیش رہے ہیں اور اس میچ میں شاداب کے ہی ہم عمر حسین طلعت کا ہنر بھی ابھر کر سامنے آیا۔

بائیں ہاتھ کے بیٹسمین حسین طلعت کو اپنے پی ایس ایل ڈیبیو میچ میں پہلے ہی اوور میں ڈیوائن اسمتھ کے آوٹ ہونے پر میدان میں آنا پڑا۔ دس اوورز کے بعد جب وہ ذوالفقار بابر کی ہی گیند پرآؤٹ ہوئے تو سب کی توجہ کا مرکز بن چکے تھے۔ طلعت نے دو چھکوں اور چھ چوکوں کی مد سے پرکشش 56 رنز بنا ئے۔

حسین طلعت لاہور کی ایک پسماندہ بستی شاہدرہ کے باسی ہیں ہے جہاں پیدا ہونے والے عبدالرزاق بھی ماضی میں پاکستان کی طرف سے کھیل چکے ہیں۔ طلعت پہلے سیزن سے ہی اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایمرجنگ کرکٹرز میں شامل تھے لیکن طویل انتظار کے بعد انہیں جمعہ کو حریف ٹیم میں تین بائیں ہاتھ کے اسپنرز سے نمٹنےکی غرض سے کھلایا گیا اور انہوں نے اپنا انتخاب درست ثابت کر دیا۔ طلعت کا بنگلہ دیشی آل راؤنڈر محمود اللہ ریاض کو ایکسٹرا کور پر لگایا گیا چھکا چمپیئن شپ کی یادوں میں شامل رہے گا۔ حسین طلعت دائیں ہاتھ سے میڈیم فاسٹ باؤلنگ کی وجہ سے ڈومیسٹک کرکٹ میں آل راونڈر سمجھے جاتے ہیں لیکن اس میچ میں کپتان مصباح کو ان کی باؤلنگ کی ضرورت نہیں پڑی۔

امپائرنگ کا شکوہ شہباز شریف سے

پی ایس ایل میں کرکٹ کا معیار دن بدن بلند ہو رہا ہے لیکن دوسرے سیزن میں امپائرز کے فیصلے کئی ٹیموں پر بجلی بن کر گرے ہیں۔ اس میچ میں گلیڈی ایٹرز کے سب سے ان فارم اور ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 11 چھکے لگانے والے کیون پیٹرسن کو 69 رنز پر ایل بی ڈبلیو دینے کا فیصلہ سراسر غلط اور میچ کا فیصلہ کن مرحلہ تھا۔ اس سے پہلے گز شتہ ہفتے شارجہ میں لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں خود اسلام آباد کی شکست کی وجہ بھی امپائرز کے کئی متنازعہ فیصلے تھے۔ یہ میچ گرانٹ ایلٹ نے آخری اوور میں چھکا لگا کر لاہور کو دلچسپ انداز میں جتوایا تھا۔ لاہور کی جیت پر یونائیٹڈ کے ایک حامی نے وزیر اعلیٰ پنجاب شباز شریف کو ٹیگ کرکے طنزیہ ٹویٹ کیا تھا کہ ’’میاں صاحب آپ کو ان امپائرز کے نام پر بھی لاہور میں ایک پل تعمیر کرنا چاہیے۔‘‘

شہباز شریف نے اپنے جوابی ٹویٹ میں لکھا، ’’گرانٹ ایلیٹ کے بارے میں کیا خیال ہے۔‘‘

Dubai Eröffnung Cricket-Spiele der "Pakistan Super League"
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان 24 فروری کی شب کھیلا گیا میچ اس سیزن میں اب تک کا سنسنی خیز ترین میچ تھاتصویر: PSL

لاہور کا مقابلہ کراچی سے، اب کیا ہوگا

لاہور اور کراچی کی پاکستان کرکٹ میں ویسی ہی رقابت ہے جیسی انگریزی فٹبال میں لیور پول اور مانچسٹر یونائیٹڈ یا کاؤنٹی کرکٹ میں یارکشائر اور مڈل سیکس کے درمیان پائی جاتی ہے۔ ہفتے 25 فروری کو لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کو آپس میں ٹورنامنٹ میں بقا کی جنگ لڑنا ہے۔ کوئٹہ اور اسلام آباد نے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے۔ تاہم پوائنٹس ٹیبل پر چار، چار پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر موجود کراچی کو پلے آف تک رسائی کےلیے لاہور کے بعد اتوار کو آخری میچ اسلام آباد کے خلاف جیتنا بھی ضروری ہے۔ لاہور قلندرز کے چھ پوائنٹس ہیں اور کراچی کو ہرا کر وہ پلے آف لائن اپ مکمل کر سکتی ہے۔ اس صورت میں بقیہ لیگ میچوں کی اہمیت ختم ہو جائے گی۔

Asma Kundi
عاصمہ کنڈی اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی عاصمہ کنڈی نے ابلاغیات کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔