1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پی سی بی کا 140.5ملین کا نشریاتی معاہدہ

طارق سعید، لاہور23 نومبر 2008

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں آئندہ پانچ برس تک ہونے والے بین الاقوامی میچوں کے نشریاتی حقوق ریکارڈ140.5ملین امریکی ڈالرز کے عوض متحدہ عرب امارات کے ٹی وی چینل تاج انٹر ٹینمنٹ نیٹ ورک کو فروخت کر دیے۔

https://p.dw.com/p/G0Yj
چیئر مین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ٹین سپورٹس کی پیشکش دوسروں سے بہت بڑی تھی۔تصویر: picture-alliance / Sven Simon

ٹین سپورٹس 2013تک پاکستان سے 200دن کی انٹر نینشل کرکٹ براہ راست دکھائے گا۔ اتوار کو نینشل کرکٹ اکےڈمی میں چےئر مین پی سی بی اعجاز بٹ اور ٹین سپورٹس کے چیف ایگزیکٹو کرس میکڈانلڈ نے نئے نشریاتی معاہدے کی دستاویزات پر دستخظ کیے۔

اعجاز بٹ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ حقوق کی فروخت کے لئے چار کمپنیوں نے ٹینڈرز جمع کرائے تھے مگر ٹین سپورٹس نے سب سے زیادہ 140.5ملین ڈالرز کی پیشکش کی جس میں پرو ڈکشن کے اخراجات بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس پارٹنر شپ کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔چیئر مین پی سی بی نے آئی سی سی کے سابق صدر احسان مانی کے کردار کو سراہا جو اس تمام عمل میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایڈوائرز تھے۔اعجاز بٹ کا کہنا تھا یہ سارا عمل ایک آزاد آڈیٹرز کی زیر نگرانی شفاف طریقہ سے مکمل ہوا ۔

چیئر مین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ٹین سپورٹس کی پیشکش دوسروں سے بہت بڑی تھی تاہم انہوں نے بولی میں حصہ لینے والی دیگر کمپنیوں کے نام بتانے سے گریز کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بولی میں ٹین سپورٹس کے علاوہ نمبس گروپ اور پاکستان کے دو ٹی وی چےنلز جیو اور اے آر وائی بھی شریک ہوے ۔

اس موقع پر ٹین سپورٹس کے چیف ایگزیکٹو کرس میکڈانلڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ معاہدے میں پانچ سالہ توسیع ملنے کی انہیں بے حد خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کھیلنے والے دنیا کے سرکردہ ممالک میں سے ایک ہے اور ہم یہاں ہونے والے میچوں کی پروڈکشن میں جدید ٹیکنالو جی کا استعمال کریں گے۔

واضح رہے کہ ٹین سپورٹس کا پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ2003میں کیا گیا 42.5 ملین امریکی ڈالرز کا معاہدہ اس سال 31مارچ کو ختم ہو گیا تھا ۔پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلیم الطاف کا کہنا تھا کہ عالمی کساد بازاری کے باوجود ٹین سپورٹس کی پیشکش شاندار ہے اور گز شتہ معاہدے کے کی نسبت پی سی بی کو کہیں زیادہ آمدن ہو گی۔