1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تاريخ

’چائے والا‘ نے فلمی دنیا میں قدم رکھ دیا

بینش جاوید
29 دسمبر 2016

جاذب نظر ارشد خان بہت جلد فلموں کے شعبے میں قدم رکھ رہے ہیں۔ ارشد خان چائے والا کے نام سے پاکستان اور دنیا بھر میں مشہور ہو گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/2Uzo1
Pakistan  Der ehemals bitterarme Teekoch Arshad Khan startet eine Filmkarriere
تصویر: picture alliance/dpa/AA/M. Aktas

نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق ارشد خان کے مینیجر ملک فہیم نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ارشد خان نے ایک فلم میں کام کرنے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ ارشد خان اکتوبر میں اس وقت سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہوگئے تھے، جب ایک خاتون فوٹو گرافر نے اسلام آباد کے اتوار بازار میں چائے فروخت کرتے ہوئے اس کی تصویر کھینچتے ہوئے اسے سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر  پوسٹ کر دیا تھا۔

ارشد خان کی تصویر سوشل میڈیا پر انتہائی تیزی سے پھیل گئی تھی اور کئی افراد نے کہا کہ ارشد خان بالی وُڈ کے اداکاروں سے مشابہت رکھتے ہیں تو کچھ اداروں نے اسے ماڈلنگ کی آفرز کر دیں۔ ارشد خان کے مینیجر ملک فہیم نے ڈی پی اے کو بتایا،’’ارشد اب فلموں کی دنیا میں قدم رکھنا چاہتا ہے۔ اس کی پہلی فلم کی شوٹنگ کا آغاز جنوری میں ہوگا۔‘‘

Pakistan  Der ehemals bitterarme Teekoch Arshad Khan startet eine Filmkarriere
ارشد اب فلموں کی دنیا میں قدم رکھنا چاہتا ہے۔ اس کی پہلی فلم کی شوٹنگ کا آغاز جنوری میں ہوگاتصویر: picture alliance/dpa/AA/M. Aktas

فہیم کا کہنا ہے کہ ارشد اس فلم کی شوٹنگ کے لیے اگلے برس جنوری میں دبئی جائیں گے۔ جس فلم میں ارشد خان کام کریں گے، اسے دبئی، لندن اور پاکستان میں فلمایا جائے گا۔‘‘ ارشد خان اب تک دو میوزک ویڈیوز میں بھی کام کر چکے ہیں اور پاکستان کے ٹاپ ماڈلز کے ہمراہ ریمپ پر ماڈلنگ کے جوہر بھی دکھا چکے ہیں۔

ارشد خان کے سترہ بہن بھائی ہیں اور یہ کبھی اسکول نہیں جاسکا۔ پاکستان میں اکثر چائے والوں کی قسمت ارشد خان جیسی نہیں ہوتی۔ سٹرک کے کناروں یا بازاروں میں چائے فروخت کرنے والے غربت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوتے ہیں۔