1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چار ہزار گائیں ہوائی جہاز سے قطر پہنچیں گی

13 جون 2017

قطر کے ایک تاجر دودھ دینے والی چار ہزار گائیوں کو ہوائی جہاز کے ذریعے قطر پہنچائیں گے تاکہ سعودی عرب اور دیگر ممالک کی جانب سے دودھ کی فراہمی کی بندش سے قطری عوام متاثر نہ ہوں۔

https://p.dw.com/p/2edxZ
USA Vermont East Albany Kühe auf Weide
تصویر: picture-alliance/newscom/A. Jenny

بلوم برگ نیوز ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق قطر ایئر ویز کی 60 خصوصی پروازوں کے ذریعے دودھ دینے والی گائیوں کو قطر پہنچایا جائے گا۔ قطر کے تاجر موتاز ال خیاط نے یہ گائیں امریکا اور آسٹریلیا میں خریدیں تھیں۔  بلوم برگ کو بتایا،’’ یہ وہ وقت ہے جب قطر کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘ اس رپورٹ کے مطابق  ال خیاط کا بنیادی کاروبار تعمیرات کا ہے۔ ان کی کمپنی نے قطر کا سب سے بڑا شاپنگ مال تعمیر کیا تھا۔ یہ کمپنی اب دوحہ کے شمال سے 31 میل دور ایک بہت بڑا ذرعی فارم بنا رہی ہے۔

بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق اس فارم سے بکریوں کا دودھ اور گوشت حاصل کیا جا رہا ہے اور یہاں سمندری راستے کے ذریعے گائیوں کو برآمد کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ لیکن  جب سے قطر کو حالیہ بحران کا سامنا کرنا پڑا ہے تو گائیوں کو قطر جلد پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ال خیاط کا کہنا ہے کہ اس ماہ کے آخر تک ان گائیوں کا دودھ قطر کی مارکیٹوں میں پہنچنا شروع ہو جائے گا۔

سفارتی بحران کا شکار قطر کی خلیجی ریاست، چند اہم حقائق

خوراک سے بھرے ایرانی طیارے قطر پہنچ گئے

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین ، مصر اور چند دیگر ممالک نے قطر سے سفارتی تعلقات منقطع کر دیے ہیں۔ ان ممالک کی جانب سے قطر پر دہشت گردوں کی حمایت کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ قطر نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔ سفارتی تعلقات کی بندش کے بعد سے قطر کو دودھ اور کچھ دیگر اشیائے خورد نوش کی کمی کا سامنا ہے۔ ترکی اور ایران کی جانب سے قطر کو کھانے پینے کی اشیائے بھجوائی جا رہی ہیں۔