1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چمندا واس کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

رپورٹ:ندیم گل، ادارت:مقبول ملک19 جولائی 2009

سری لنکا کے تجربہ کار فاسٹ باؤلر چمندا واس نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ وہ اسی مہینے انٹر نیشنل ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/Isj1
تصویر: AP

کولبمو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف حالیہ سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے بعد وہ ٹیسٹ کرکٹ کو باقاعدہ الودع کہہ دیں گے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ 2011 کے ورلڈ کپ تک وہ ون ڈے اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے وابستہ رہیں گے۔

35 سالہ واس نے اس حوالے سے مزید تفصیلات بتانے سے انکار کیا۔ اور کہا کہ اپنی ریٹائرمنٹ کے بارے میں وہ پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے بعد تفصیل سے بات چیت کریں گے۔ پاکستان اور سری لنکا کی قومی ٹیموں کے مابین موجودہ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ پیر کے دن سے کولمبو میں سنہالی اسپورٹس کلب کی گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔

Sri Lanka Sport Cricket Cricketspieler Muttiah Muralitharan
مرلی دھرن بھی سری لنکا کی جانب سے ایک سو سے زائد ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیںتصویر: AP

سری لنکا کے یہ سٹار کھلاڑی اب تک 110 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں۔ پاکستان کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز کے پہلے دو میچوں کےلئے وہ سری لنکا کی ٹیم میں شامل نہیں تھے۔ اس سیریز میں اب تک میزبان سری لنکا کو مہمان ٹیم پر دو صفر کی برتری حاصل ہے۔

چمندا واس کو پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے لئے سری لنکا کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے اور یوں کولمبو کا میچ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا آخری میچ ثابت ہوگا۔ یہ امر دلچسپ ہے کہ چمندا واس نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز بھی 1994 میں پاکستان کے خلاف کھیل کر ہی کیا تھا۔

وہ اپنے ٹیسٹ کریئر میں دو مرتبہ ایک ہی میچ میں دس دس وکیٹں حاصل کرنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں اور اب تک تین ہزار 85 رنز اسکور کر چکے ہیں۔ جےسوریا اور مرلی دھرن کے بعد ایک سو سے زائد ٹیسٹ میچ کھیلنے والے وہ تیسرے سری لنکن کھلاڑی ہیں۔

سری لنکا کی ٹیم کے کپتان کمار سانگاکارا نے چمندا واس کی جانب سے ریٹائرمنٹ کے اعلان پر افسردگی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واس ایک عظیم کھلاڑی ہے اور اس کا شمار دنیائے کرکٹ کے لیجنڈز میں ہوتا ہے۔

ون ڈے کرکٹ میں بھی چمندا واس کا اب تک کا کیریئر شاندار رہا ہے۔ انہوں نے 322 بین الاقوامی ون ڈے میچ کھیلے اور اس دوران 400 وکٹیں حاصل کیں۔